کشمیری قوم اور کشمیری تحریک پاکستان کے دفاع کی لائن ہے:مشعال ملک

12:22 PM, 27 Oct, 2024

ویب ڈیسک: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ ان کے شوہر کو پھانسی گھاٹ کے قریب رکھا ہوا ہے۔ کشمیری قوم اور کشمیری تحریک پاکستان کے دفاع کی لائن ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں، بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ آسیہ اندرابی بہت بیمار ہیں، ان کو تہاڑ جیل میں رکھا ہوا ہے، قربانی دینے والوں کی تحریک کبھی ختم نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کرلیے ہیں، 50 لاکھ بھارتیوں کو مقبوضہ کشمیر میں بسایا گیا، بھارت کی کوشش ہے مقبوضہ کشمیر کو منی انڈیا میں تبدیل کردے۔

مشعال ملک نے کہا کہ کشمیری عذاب سے گزر رہے ہیں لیکن ڈٹے ہوئے ہیں، ہمیں اپنے پیاروں اور رہنماؤں کی لاشیں تک نہیں ملتیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم اور کشمیری تحریک پاکستان کے دفاع کی لائن ہے۔ہر پاکستانی پر سال اس دن یکجہتی کرتا ہے،آج ان بچوں سے گزارش کرتی ہوں کہ سوشل میڈیا کے ذریعے مہم چلائیں ۔قائد اعظم نے بھی نوجوان قیادت کو چنا ۔آپ نوجوان آج ہماری توانا آواز بن سکتے ہیں،آپ سے اپیل کرتی ہوں کہ کشمیر کاز کو زندہ رکھیں۔

مشعال ملک  نے کہا کہ کاش وہ دن آئے کہ ہم اسی طرح فتح کا دم منارہے ہوں ۔ایک نہتی قوم بھارتی تسلط کا 77 سال سے مقابلہ کررہی ہے ۔جے شنکر کس منہ سے بڑے بڑے دعوے کرتا ہے ۔ کشمیری قوم آج بھی اسی طرح ڈٹی ہوئی ہے ۔ ہر گھناؤنا طریقہ اپنا کر کشمیری قوم کو کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ مقبول بٹ سے لے دیگر رہنماؤں کا جنازہ تک نہیں پڑھنے دیا گیا ۔آپ نوجوان ایک مسلسل جہاد کا عزم کریں ۔آپ ہر طریقے سے کشمیریوں کی آواز بنیں۔

مزیدخبریں