بلاول بھٹو کی وزیراعظم سے ملاقات، آئینی ترمیم و ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

04:10 PM, 27 Oct, 2024

ویب ڈیسک: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے، جس میں جمہوریت اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کے لیے مل کر چلنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے لاہور میں ان کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پہنچے، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف بھی بلاول بھٹو کے ہمراہ تھے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اعظم نذیر تارڑ ،رانا ثناء اللہ اور سردار ایاز صادق بھی ماڈل ٹاؤن پہنچ گئے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات جاری ہے، بلاول بھٹو وزیراعظم سے ممکنہ طور پر ستائیسویں آئینی ترمیم پر بات کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم سے ملاقات میں 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کو تاریخی قرار دے دیا۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کے لیے مل کر چلیں گے، غیر جمہوری طاقتوں کا راستہ روکنے کے لیے چھبیسویں آئینی ترمیم کارگر ثابت ہوگی۔

اس موقع پر شہبازشریف نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کا کریڈٹ تمام اتحادی جماعتوں کو جاتا ہے، پہلے بھی عوامی خدمت سے پیچھے نہیں ہٹے اور نہ ہی اب پیچھے ہٹیں گے، ملکی معاشی اعشاریہ مثبت ہونے سے مہنگائی میں واضح کمی ہوتی نظر آ رہی ہے۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل حکومت قومی اسمبلی اور سینیٹ سے 26ویں آئینی ترمیم بھی منظور کروا چکی ہے۔

مزیدخبریں