(ویب ڈیسک )ذرائع کے مطابق پی ٹی آ ئی سیاسی کمیٹی نے احتجاج کی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے دوبارہ جلسے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔ذرائع کے مطابق سیاسی کمیٹی کا اجلاس دو روز قبل وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ہوا، فزیکل اجلاس کے باعث بیرون ملک مقیم سیاسی کمیٹی کے ارکان شہبازگل ،قاسم سوری، زلفی بخاری شریک نہ ہوسکی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر،عمر ایوب، سلمان اکرم ،فردوس شمیم ،شیخ وقاص،حلیم عادل ،سمیت 18 کے قریب ارکان نے شرکت کی۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ آئندہ تمام فیصلوں کی سیاسی کمیٹی سے لازمی منظوری لی جائے گی،بانی چئیرمین سے ملاقات سے قبل سیاسی کمیٹی کا اجلاس لازمی ہوگا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ سیاسی کمیٹی کی احتجاج کی حکمت عملی بھی تبدیل ، دوبارہ جلسے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سیاسی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ یکم نومبر کو پشاورمیں جلسہ ہوگا، مرکزی قیادت شریک ہوگی، 8 نومبر کو کوئٹہ میں جلسہ ہوگا،سلمان اکرم راجہ 6 نومبر کو این او سی کے لئے کوئٹہ جائیں گے۔ سیاسی کمیٹی نے نومبر کے تیسرے ہفتے کراچی میں جلسہ کرنے کی منظوری دیدی ۔
ذرائع کے مطابق سیاسی کمیٹی نے قاضی فائز عیسی کی ریٹائرمنٹ کے بعد التوا کا شکار مقدمات دوبارہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، انٹرا پارٹی الیکشن ،مخصوصی نشستوں،انتخابی نشانے الاٹ نہ کرنے جیسے کیسز کی پیروی کی جائے گی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس کی درخواست کو دوبارہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی کی تنظیم سازی کے عمل کا ازسر نو جائزہ لینے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ سیاسی کمیٹی میں سلمان اکرم راجہ نے بانی چئیر مین کا پیغام بھی دیا ۔