ایئر ایمبولینس کراچی پہنچ گئی، معالجین نے امریکہ جانا موخر کر دیا
07:32 AM, 27 Sep, 2021
کراچی ( ویب ڈیسک )پاکستان کے لیجنڈ کامیڈین عمر شریف کو علاج کیلئے امریکہ لے جانے کیلئے ایئر ایمبولینس کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ کر گئی، گزشتہ روز عمر شریف کی حالت ڈائلسز کے دوران بی پی لو ہونے سے مزید بگڑ گئی جس پر انہیں سی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ، ان کے معالجین نے ان کی امریکہ روانگی فی الحال موخر کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی لیجنڈ کامیڈین عمر شریف کو علاج کیلئے امریکہ لے جانے کیلئے ایئر ایمبولینس کراچی کے ایئر پورٹ پر لینڈ کر گئی ہے، ایمبولینس فلپائن کے شہر منیلا سے پاکستان پہنچی ہے اور اس وقت کراچی ایئر پورٹ پر عمر شریف کی منتظر ہے ، کراچی ایئرپورٹ پر تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ سی اے اے کے شعبہ ایئرٹرانسپورٹ نے ائیر ایمبولینس کو لینڈنگ کی خصوصی اجازت دے رکھی تھی۔ جبکہ دوسری طرف سے اداکار کاگزشتہ روز ڈ ائلسز کے دوران بلڈ پریشر لو ہو گیا ، جس پر انہیں کراچی کے نجی ہسپتال میں ہی سی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے، عمر شریف کے معالجین کی طرف سے فی الحال انہیں امریکہ روانگی کی اجازت نہیں مل رہی ، ان کے معالجین کا کہنا ہے کہ عمر شریف کی صحت کے حوالے سے آنیوالے 48 گھنٹے بہت اہم ہیں۔