آرمی چیف کی ایکسٹینشن کا معاملہ اب کوئی ایشو نہیں

08:43 AM, 27 Sep, 2021

حسان عبداللہ

لاہور(پبلک نیوز)‌ مسلم لیگ ن کے رہنماء احسن اقبال نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی ایکسٹینشن کا معاملہ اب کوئی ایشو نہیں ہے کیونکہ ایکسٹینشن کی منظوری وزیراعظم دے چکے تھے.

پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے انتخابات میں عوام کے سامنے تمام سیاسی جماعتیں آزمائی ہوئی ہوں گی ، لوگوں نے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کا دور حکومت بھی دیکھا اور اب پی ٹی آئی کا دور بھی بھگت لیا ہے ، اب کوئی اندھا بھی فیصلہ کر سکتا ہے کہ مسلم لیگ ن کی کارکردگی کے مقابلے میں باقی دونوں جماعتیں قریب قریب بھی نہیں ہیں. آنے والا دور مسلم لیگ ن کا ہے.

ان کا کہنا تھا آرمی چیف کی ایکسٹینشن کا معاملہ اب کوئی ایشو نہیں ہے کیونکہ ایکسٹینشن کی منظوری وزیراعظم دے چکے تھے، اس کے بعد سپریم کورٹ نے پارلیمان کو قانون بنانے کا کہا تھا، تب سوال یہ تھا کہ کیا پارلیمان آرمی چیف کو برطرف کرے گی یا وزیراعظم کے ایکسٹینشن والے فیصلے کو ریگولرائز کرے گی ، اس وقت سارا نظام یرغمال بنا ہوا تھا اور کسی کے پاس کوئی چوائس نہیں تھی، اگر اس وقت پارلیمان آرمی چیف کی ایکسٹینشن کی منظوری نہ دیتی تو دنیا میں یہ خبریں لگنی تھیں پارلیمان نے آرمی چیف کو برطرف کر دیا ہے.

مزیدخبریں