وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی متعدد رہنماؤں کو وارننگ

09:47 AM, 27 Sep, 2024

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے متعدد رہنماؤں کو وارننگ جاری کر دی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی خیبرپختونخوا پارلیمانی پارٹی اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے متعدد رہنماؤں کو وارننگ جاری کی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہر جلسہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر منعقد ہو رہا ہے، کچھ رہنماؤں کی جلسوں میں عدم دلچسپی کی شکایات ہیں، ٹاسک کے مطابق ورکرز کو باہر نہ نکالنے کی شکایت ہے، عمران خان کیلئے جلسوں میں عدم دلچسپی نقصان دہ ہوسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر جلسہ، جلوس کو کامیاب بنانا سب کی ذمہ داری ہے، ہر رہنماء کی کارکردگی دیکھ رہا ہوں، صحیح اور حقائق پر مبنی رپورٹ بانی پی ٹی آئی کو پیش کروں گا، پارٹی کیلئے قربانی آپ کے مستقبل کی سیاست پر نظرانداز ہوگی۔

علی امین گنڈاپور نے ہدایت کی کہ لاہور کا جلسہ دور تھا، راولپنڈی احتجاج میں بھرپور انداز میں ورکرز کو نکالا جائے، ہر جلسہ اہم ہوتا ہے کسی جلسے کو غیر سنجیدہ نہ لیا جائے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کے لئے ہر ضلع سے نمائندہ 35 سے 45 گاڑیاں نکالے گا، قافلے پشاور سے 10 بجے نکلیں گے، تمام قافلے 11 بجے صوابی میں جمع ہونگے جہاں سے وزیراعلیٰ کی قیادت میں راولپنڈی روانہ ہوں گے۔

مزیدخبریں