لاہور،فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں طوفافی بارش،نشیبی علاقےزیرآب،بجلی معطل

10:09 AM, 27 Sep, 2024

ویب ڈیسک: لاہور،فیصل آبادسمیت پنجاب بھر میں طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے اور بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے،سڑکوں پر پانی جمع جبکہ ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے اور اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں کل سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے جڑواں شہروں کا موسم خوشگوار ہوگیا ۔

تفصیلات کے مطابق شہر لاہور میں آسمان پر کہیں بادلوں کا بسیرا تو کہیں تیز بارش  اور اور ٹھنڈی ہواؤں سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں طوفانی  بارش کا سلسلہ جاری  ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 81فیصد ہے،کم سے کم درجہ حرارت 24جبکہ زیادہ سے زیادہ 34سینٹی گریڈ رہنے کا امکان  ہے۔شہر لاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید   بارش کا امکان ہے۔

ترجمان فیسکو کا کہنا ہے کہ   فیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں آندھی او تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے،آندھی اور بارش کے باعث 73فیڈرزپر ٹرپنگ کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوگئی،فیصل آباد، میانوالی،جھنگ، ٹوبہ اورسرگودھاسرکل کے مختلف فیڈرزپر بجلی کی بحالی متاثر ہے۔

ترجمان فیسکو  کے مطابق بارش رکتے ہی ٹیموں نے پیٹرولنگ کرکے فالٹس کی درستگی کا کام شروع کردیا۔ چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر بجلی بحالی کے کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ راولپنڈی، اسلام آباد اور ٹیکسلہ میں رات گئے سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ تیزہواوں کے ساتھ بارش کے باعث گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا۔

وفاقی دارالحکومت اور مضافات میں موسلادھار بارش سے بعض مقامات پر سڑکیں اور گلیاں تالاب کی شکل اختیار کر گئیں جبکہ بعض علاقوں میں درخت گرنے کے واقعات بھی رونما ہوئے۔

جڑواں شہروں میں اب تک 120 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، بارش کے باعث 40 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو کر رہ گئی، دوسری طرف ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے واسا سمیت دیگر ادارے ہائی الرٹ ہیں۔

شدید بارش کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، پانی کے ذخائر کی سطح 1752 فٹ تک پہنچے پر اسپل ویز ایک بار پھر کھول دیے گئے۔

طوفانی بارش کے باعث راولپنڈی کے نشیبے علاقے بھی زیر آب آ گئے جبکہ نالہ لئی میں بھی پانی کی سطح بلند ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، شمال مشرقی/ وسطی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھو ہار، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں تیز ہوائیں چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، تلہ گنگ، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، میا نوالی، سرگودھا، خوشاب، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، فیصل آباد اور گرد و نواح میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش  جاری ہے۔

قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، خانیوال، ملتان، بھکر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان اور گرد و نواح میں چند مقامات پر تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔

شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، بونیر، مالاکنڈ، دیر، سوات، باجوڑ، مہمند، خیبر کوہستان، اورکزئی اورکرم میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔

کوہاٹ ہنگو،کرک، بنوں، لکی مروت، وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔

بلوچستان اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم شام/رات میں تھرپارکر اور گرد و نواح میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

کشمیرمیں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھاربارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے تاہم گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش کی پیشگوئی ہے۔

کراچی میں سمندری ہواؤں کے ساتھ ہلکے بادلوں کا راج، موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات  کا کہنا ہے کہ آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 27.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا،شہر قائد کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے,ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ہے,آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے،مغربی سمت سے 22 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق آج تھرپارکر اور عمرکوٹ میں ہلکی بارش متوقع ہے،آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کراچی سمیت سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہے گا۔

ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ، اربن فلڈنگ کا خطرہ

بارش کے باعث مانسہرہ، کوہستان، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ اور صوابی کے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

اس لیے پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 26 ستمبر سے یکم اکتوبر 2024 تک پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے جبکہ سندھ کے کچھ علاقوں 26 ستمبر سے 28 ستمبر 2024 تک وقفے وقفے بارشیں متوقع ہیں۔

مزیدخبریں