صدرمملکت،وزیراعظم سمیت دیگرسیاسی شخصیات کا ملکی ترقی کیلئے سیاحتی صلاحیتوں سےاستفادہ کرنے پرزور

11:49 AM, 27 Sep, 2024

ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری،وزیراعظم محمد شہباز شریف اورمریم نوازنے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے پاکستان کی بے پناہ سیاحتی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی یوم سیاحت پر اپنے پیغام میں صدرمملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ آج عالمی یوم سیاحت 2024 کو ہم "سیاحت اور امن” کے موضوع پر منا رہے ہیں، پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں کیونکہ اسے شاندار مناظر، پہاڑوں اور چوٹیوں، وسیع صحرائوں اور خوبصورت ساحلی پٹی سے نوازا گیا ہے۔ 

صدر مملکت نے کہا کہ سیاحت قوموں کو جوڑنے کا ایک موثر ذریعہ ہے اور دنیا بھر میں متنوع ثقافتوں کے لوگوں کے درمیان افہام و تفہیم کو فروغ دیتی ہے، سیاح جب مختلف ممالک کی سیر کرتے ہیں، وہ متنوع ثقافتوں اور روایات کو دیکھتے ہیں جو دنیا بھر میں امن، ہم آہنگی اور خیر سگالی کو فروغ دینے میں مدد کرتے ہیں۔

صدرمملکت  نے کہا کہ ہم اس عالمی یوم سیاحت 2024 کے موقع پر پاکستان کو سیاحت کا عالمی مرکز بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں جہاں دنیا بھر کے سیاح نہ صرف ہمارے خوبصورت مناظر، تاریخی اور مذہبی مقامات بلکہ ہمارے لوگوں کی پرتپاک مہمان نوازی سے بھی لطف اندوز ہو سکیں، سیاحت کے ذریعے باہمی ہم آہنگی پیدا کر سکتے ہیں اور دنیا کو پرامن بنانے میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف کا پیغام 

وزیر اعظم شہباز شریف نے سیاحت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ سیاحت دنیا بھر سے لوگوں کو آپس میں جوڑتی ہے، تیزی سے پھیلتی کثیر الثقافتی دنیا میں سیاحت ایک متحرک شعبے کے طور پر ابھر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام عالم نے روابط بڑھانے، غلط فہمیوں اور دقیانوسی تصورات دور کرنے کیلئے سیاحت کا فائدہ اٹھایا، قدرت نے پاکستان کو دلکش مناظر، سرسبز میدانوں، دریاؤں، ندیوں اور پر شکوہ پہاڑی سلسلوں سے نوازا ہے، پاکستان مہرگڑھ، موہنجو داڑو، ہڑپہ اور گندھارا جیسی قدیم تہذیبوں کا مسکن ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ فیصلہ سیاحت کے شعبے کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا، سیاحت کا شعبہ پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھولے گا، آئیے ہم اپنی روایتی گرمجوشی اور مہمان نوازی سے پاکستان کو ایک اہم سیاحتی مقام بنائیں ۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف

عالمی یوم سیاحت پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سیاحت کے پرعزم جذبے رکھنے والوں کو سلام پیش کرتے ہوں، اللہ تعالیٰ نے بھی انسان کو زمین پر چلنے پھرنے اور غور وفکر کرنے کی دعوت دی، سیاحت انسان کی فطری صلاحیتوں کو جلا بخشتی اور فکر و تدبر میں معاونت کرتی ہے، اللہ تعالیٰ نے پاک سر زمین کو بے پناہ سیاحتی خوبصورتیوں سے نوازا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سیاحت کا بے پناہ پوٹینشل ہے، سیاحت کے فروغ کیلئے ممکنہ وسائل بروئے کار لائیں گے، قدرتی حسن سے مالا مال پنجاب کے علاقے کسی سے کم نہیں، پنجاب کا تاریخی، ثقافتی اور قدرتی ورثہ دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے باعث کشش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے پائیدار اقدامات کئے جا رہے ہیں، قدیمی قلعے، مذہبی مقامات اور دلکش وادیاں سیاحت کیلئے نہایت موزوں ہیں، سیاحت سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اُجاگر کرنے کیلئے پر عزم ہیں، مری کے انفراسٹرکچر کو جدید طرز پر اپ گریڈ کریں گے۔

مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ مری میں گلاس ٹرین چلانے کے منصوبے پر بھی ابتدائی کام شروع ہو چکا ہے، پاکستان میں پہلی مرتبہ ہائبرڈ ڈبل ڈیکر بسیں متعارف کرانا پنجاب کا اعزاز ہے، ٹورازم ڈویلپمنٹ سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر اُبھرے گا، پاکستان کے خوبصورت چہرے کو دنیا بھر میں روشناس کرانا ہے۔

مزیدخبریں