پاکستان کی بدنامی کا باعث بننے والے بھکاریوں کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد

01:27 PM, 27 Sep, 2024

ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے بیرون ملک پاکستان کی بدنامی کا باعث بننے والے شہریوں کے خلاف کریک ڈاون تیز کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ اب پاکستان سے زیارتوں کے لیے عرب ممالک جانے والے مسافروں کی تفصیلات صوبوں کے بجائے مرکز کے پاس ہو گی۔

وزارت مذہبی امور زیارتوں کے لیے جانے والوں کی مکمل تفصیلات ٹریول ایجنٹس سے حاصل کر سکے گی اور گداگری سمیت دیگر سرگرمیوں کی نیت سے بیرون ملک جانے والوں کے خلاف کارروائی کی جاسکے گی۔

واضح رہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں ایک بار پھر یہ بات سامنے آئی ہے کہ پاکستان سے عارضی ویزا حاصل کر کے اسلامی ممالک جانے والے شہری ان ممالک میں گداگری سمیت دیگر غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں اور جن کی وجہ سے عالمی سطح پر ملک کو بدنامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

زیارتوں کے لیے جانے والوں کے انتظامات صوبوں سے لے کر وزارت مذہبی امور کو دیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ایسی حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں کہ پاکستان کی بدنامی کا باعث بننے والے شہریوں کو ملک میں ہی روک لیا جائے گا۔‘

’یہ ایک مشکل عمل ہے لیکن اس پر تیزی سے کام کیا جا رہا ہے اور جلد ہی اس کے نتائج بھی سب کے سامنے ہوں گے۔‘

ملک کی بدنامی کا باعث بننے والے کیسز کی بات کی جائے تو اندازہ ہوتا ہے کہ یہ افراد عارضی ویزا لے کر ملک سے باہر جاتے ہیں، چند دن کے ویزوں پر یا تو یہ بھیک مانگتے ہیں یا پھر غیرقانونی طریقے سے رہائش اختیار کر کے رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔

گذشتہ کچھ عرصے سے پاکستانیوں کے لیے جہاں امریکا اور یورپی ممالک کے ویزوں کا حصول مشکل ہوا ہے وہیں کچھ ایسے ممالک کی بھی ویزا پالیسی سخت ہوئی جہاں ماضی میں آسانی سے ویزے مل جاتے تھے۔ اس کی بنیادی وجہ پاکستان سے جانے والوں کی منفی سرگرمیاں ہیں۔‘

پاکستان سے جانے والے ایک منظم انداز سے یہ کام کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں ملک کی بدنامی ہو رہی ہے۔

ترجمان وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) کے مطابق گذشتہ نو مہینوں میں ایف آئی اے نے دو درجن سے زائد ایسے افراد کے خلاف کارروائیاں کی ہیں جو پاکستان سے بھیک مانگنے کی غرض سے بیرون ملک جا رہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے واضح احکامات دیے گئے ہیں کہ پاکستان سے غیرقانونی طریقے سے کوئی بھی شہری بیرون ملک سفر نہ کرے۔ ان احکامات کی روشنی میں ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر تعینات ایف آئی اے کا امیگریشن کا عملہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھا رہا ہے۔

ایف آئی اےامیگریشن کی کارروائی، عمرہ کی آڑ میں گداگری میں ملوث خاندان گرفتار

 

فیصل آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے عمرہ اور زیارات کی آر میں بیرون ملک گداگری میں ملوث خاندان کو گرفتار کرلیا ہے۔ 

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان  منور حسین اور شافیہ بی بی  اپنی کمسن بچی کے ہمراہ سعودی عرب جا رہے تھے۔ ملزمان اس سے قبل عراق، ایران اور سعودی عرب گداگری کی غرض سے سفر کرتے رہے ہیں۔ 

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان کو رواں ماہ لاہور ایئر پورٹ سے بھی آف لوڈ کیا گیا تھا۔ ملزمان کو مزید قانونی کاروائی کیلئے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل کے حوالے کردیا گیا ہے۔

مزیدخبریں