ویب ڈیسک: جماعت اسلامی لاہور نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی کال پر 29 ستمبر کو احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق احتجاجی دھرنے کا اعلان جماعت اسلامی لاہور کی کور کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ دھرنا پیکے وال چوک وحدت روڈ پر 29 ستمبر کو سہ پہر ساڑھے 3 بجے دیا جائے گا۔ امیرجماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری ایڈوکیٹ کا کہنا ہے کہ دھرنا معاہدہ راولپنڈی کے مطابق بجلی بلوں میں عوام کو ریلیف نہ دینے کیخلاف دیا جارہا ہے۔
امیرجماعت اسلامی لاہور کے مطابق دھرنے کی قیادت جماعت اسلامی کے مرکزی اور صوبائی رہنما کریں گے۔احتجاجی دھرنے میں بڑی تعداد میں مرد و خواتین شریک ہوں گے۔ ممبر شپ مہم کے ذریعے شہریوں کو حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف منظم کررہے ہیں۔ قائد حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں حق دو عوام کو تحریک کا پیغام ہر گھر اور فرد تک پہنچایا جارہا ہے۔ معاہدہ راولپنڈی پر عمل درآمد تک احتجاجی تحریک ہر گزرتے دن کے ساتھ زور پکڑتی جائے گی۔