معروف انڈین یوٹیوبر رنویرالہٰ آبادیہ کے چینلز ہیک، تمام ویڈیوز ڈیلیٹ

04:15 PM, 27 Sep, 2024

ویب ڈیسک: انڈیا کے معروف یوٹیوبر رنویر الہٰ بادیا کے دو یوٹیوب چینلز ایک سائبر حملے کی زد میں آ کر ہیک ہو گئے۔ اُن کی درجنوں انٹرویوز اور پوڈ کاسٹس پر مبنی ویڈیوز ان چینلز سے حذف کر دی گئیں اور چینلز کے نام بھی بدل دیے گئے۔ رنویر پاکستان میں بھی معروف ہیں اور صارفین ان کی ویڈیوز پسند کرتے ہیں۔

گذشتہ روز خود رنویر نے اِس کی تصدیق کرتے ہوئے انسٹاگرام پر اپنے فینز سے پوچھا کہ ’کیا یہ میرے یوٹیوب کیریئر کا خاتمہ ہے؟‘

اُن کے ساتھی اور کمپنی کے شریک بانی وراج شتھ نے کہا کہ ’افسوس ہے کہ کچھ لوگوں کو چینل کا ہیک ہونا ایک پی آر سٹنٹ لگ رہا ہے کیونکہ ہم مضطرب نہیں۔ ہم اس لیے گھبرا نہیں رہے کیونکہ ہمیں یوٹیوب کی ٹیم پر بھروسہ ہے۔‘

اگرچہ رنویر کے چینلز اب بحال ہوچکے ہیں مگر حالیہ عرصے کے دوران کئی یوٹیوبرز اپنے چینلز کے عارضی طور پر ہیک ہو جانے کی اطلاع دے چکے ہیں۔

اس کی ایک مثال پاکستانی یوٹیوبر اقرا کنول (سسٹرولوجی) ہیں جنھوں نے یکم جنوری 2024 کو ایک ویڈیو میں بتایا تھا کہ کیسے ان کا لاکھوں سبسکرائبرز والا چینل بھی ہیک ہو گیا تھا۔

گزشتہ دنوں رنویر الہٰ آبادیہ کے دونوں چینلز ہیک ہوئے تو ہیکرز نے اُن کے چینلز کے نام بدل کر ’ایلون ٹرمپ ٹیسلا لائیو 2024‘ اور ’ٹیسلا ایونٹ ٹرمپ 2024‘ رکھ دیے تھے۔ جبکہ اِن چینلز پر امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ٹیسلا کمپنی کے بانی ایلون مسک کی لائیو سٹریمز کی پرانی ویڈیوز اپ لوڈ کر دی گئی تھیں۔

ابتدائی طور پر یہ چینلز یوٹیوب سے غائب ہو گئے تھے اور جب انھیں سرچ کیا جا رہا تھا تو یوٹیوب کی طرف سے ایک پیغام میں بتایا جاتا تھا کہ ان چینلز کو کمپنی کی پالیسیوں کی خلاف ورزی کی بنیاد پر حذف کیا گیا ہے۔

اسی طرح ایک اور پیغام میں لکھا آتا تھا کہ ’یہ صفحہ دستیاب نہیں۔ ہم اس کے لیے معذرت خواہ ہیں۔ کسی اور چیز کو سرچ کرنے کی کوشش کریں۔‘

مزیدخبریں