ویب ڈیسک : ( علی رضا ) بھارت کی مودی حکومت کا مزدوروں کو بڑا تحفہ ۔ مہنگائی الاؤنس میں ترمیم ، مزدوروں کی کم از کم تنخواہ 20 ہزار 358 روپے ( 67،583پاکستانی روپے ) مقرر کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مرکز نے یومیہ 1,035 روپے تک اضافے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت مزدور کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایڈجسٹمنٹ کا مقصد مزدوروں کو زندگی کی بڑھتی ہوئی مہنگائی سے نمٹنے میں مدد کرنا ہے۔
وفاق کی طرف سے ترمیم کے بعد زون 'اے' میں تعمیر، جھاڑو، صفائی، لوڈنگ اور ان لوڈنگ جیسے غیر ہنر مند کاموں میں مصروف مزدوروں کے لیے کم از کم اجرت کی شرح 783 روپے یومیہ (20,358روپے ماہانہ) ہو جائے گی۔
نیم ہنر مند کارکنوں کے لیے کم از کم اجرت کی شرح 868 روپے یومیہ (22,568 روپے ماہانہ)74780 پاکستانی روپے اور ہنر مند، کلریکل اور غیر مسلح چوکیداروں کے لیے 954 روپے یومیہ (،804 24روپے ماہانہ) 82190 پاکستانی روپے ہوگی۔ انتہائی ہنر مند اور مسلح اہلکاروں کے لیے کم از کم اجرت کی شرح 1,035 روپے یومیہ (26,910 روپے ماہانہ) 89168 پاکستانی روپے ہوگی۔
اجرتوں کی شرح میں اضافے کا حکومت کا نیا حکم نامہ یکم اکتوبر 2024 سے نافذ العمل ہوگا۔
یادرہے بھارت میں آخری نظر ثانی اپریل 2024 میں کی گئی تھی۔
مرکزی سیکٹر کے اداروں میں عمارت کی تعمیر، لوڈنگ اور ان لوڈنگ، نگرانی اور حفاظت، جھاڑو، صفائی، ہاؤس کیپنگ، کان کنی اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو اجرت کی نظرثانی شدہ شرحوں سے فائدہ ہوگا۔
بھارتی حکومت صنعتی کارکنوں کے لیے صارفین کی قیمت کے اشاریہ میں چھ ماہ کے اوسط اضافے کی بنیاد پر یکم اپریل اور یکم اکتوبر سے سال میں دو بار VDA میں ترمیم کرتی ہے۔