معاشرے میں مایوسی پھیلانے والوں کو شکست ہوگی ، آرمی چیف

08:47 PM, 27 Sep, 2024

(ویب ڈیسک ) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر  نے بزنس کمیونٹی سے ملاقات میں کہا ہے کہ پاکستان کے پاس مختلف شعبوں میں ترقی کے لیے نمایاں صلاحیت موجود ہے، پاکستان کے پاس دستیاب بے پناہ وسائل اور صلاحیتیں ہیں، پاکستان اقوام عالم کی صف میں اپنا جائز مقام ضرورحاصل کرے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق  چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی کور کا دورہ جہاں انہیں پاک فوج کی جانب سے آپریشنل تیاریوں اور کلیدی تربیتی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ  دورے کے دوران آرمی چیف نے کراچی میں انو وسٹا انڈس آئی ٹی پارک کا افتتاح کیا، اس آئی ٹی پارک کا مقصد اکڈیمیا اور صنعتی اشتراک سے پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی کے میدان میں با اختیار بنانا ہے، انووسٹا انڈس آئی ٹی پارک میں بالخصوص مصنوعی ذہانت پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سمیت سول سوسائٹی کے عمائدین بھی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے آئی ٹی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  اس موقع پر آرمی چیف نے کراچی میں کاروباری برادری سے بھی ملاقات کی اور ملک کی اقتصادی شرع نمو میں اضافے کے لیے کاروباری برادری کے کردار کو سراہا۔ آرمی چیف سے ملاقات کرنے والے تاجروں اور کاروبار شخصیات نے مثبت معاشی اشاریوں کے حصول پر ایس آئی ایف سی پر اظہار اعتماد کیا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے  کہا کہ   پاکستان کے پاس مختلف شعبوں میں ترقی کے لیے نمایاں صلاحیت موجود ہے، سب کو پاکستان کے روشن مستقبل پر بھرپور اعتماد اور یقین رکھنا چاہیے، پاکستان کے پاس دستیاب بے پناہ وسائل اور صلاحیتیں ہیں، پاکستان اقوام عالم کی صف میں اپنا جائز مقام ضرور حاصل کرے گا۔

مزیدخبریں