مریم نواز شریف کیخلاف ہتک آمیز زبان کا استعمال، تھانیدار معطل
03:36 AM, 28 Apr, 2022
لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کیخلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر پنجاب پولیس کے تھانیدار کو معطل کر دیا گیا ہے۔ معطلی کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایس ایچ او کو ان کی نااہلی، غیر ذمہ دارانہ رویے اور فرائض کی ادائیگی میں غفلت برتنے پر معطل کیا گیا ہے۔ تفصیل کے مطابق ڈی پی او چیچہ وطنی ساہیوال نے تھانہ صدر کے ایس ایچ او کو مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کیخلاف انتہائی نازیبا زبان استعمال کرنے کی پاداش میں نوکری سے معطل کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب پولیس کے ایس ایچ او نے سوشل میڈیا پر مریم نواز شریف کے خلاف توہین اور ہتک آمیز زبان استعمال کی تھی۔ اس معاملے کی مکمل چھان بین کیلئے ڈی ایس پی کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا ہے۔ یہ افسر حکام بالا کو تین ہفتوں میں رپورٹ پیش کرے گا۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈسپلن فورس کا رکن ہونے کے ناطے ایس ایچ او سب انسپکٹر اے ڈی شاہین کی طرف سے دیے گئے ریمارکس ناپسندیدہ ہیں۔ اے ڈی شاہین نے پیر کو مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کے خلاف اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر توہین آمیز اور ہتک آمیز تبصرے اپ لوڈ کیے تھے۔ مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں نے ایس ایچ او کے تبصروں کی مذمت کرتے ہوئے شکایت کی تھی کہ کس طرح ایک آن ڈیوٹی پولیس اہلکار ایک اہم سیاسی جماعت کی نائب صدر کے خلاف تضحیک آمیز زبان استعمال کر سکتا ہے۔ اپنے ماتحت کے ریمارکس کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او نے شاہین کو گورنمنٹ سرونٹ ایفیشینسی اینڈ ڈسپلن رولز 1973 کے تحت ملازمت سے معطل کرتے ہوئے فوری طور پر پولیس لائنز ساہیوال میں رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔