لکی مروت میں دہشت گردوں کے 3 حملے ناکام، 7 دہشتگرد ہلاک،3جوان شہید
05:43 PM, 28 Apr, 2023
راولپنڈی : آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں دہشت گردوں کے 3 حملے ناکام بنا دیئے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ رات لکی مروت میں دہشتگردوں نے تین جگہ پر حملہ کیا، فورسز کی چوکی کے قریب موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار نے خود کو اڑا لیا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ فوجیوں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، سکیورٹی فورسز سے لڑائی میں 4 دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے۔ دوسری جانب امیرکلام اور تاجبی خیل میں دہشت گردوں کے ساتھ دو مقابلے ہوئے، دہشت گرد کمانڈر موسیٰ خان سمیت 3 مزید دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 3 جوان شہید ہو گئے، صوبیدار تاج میر، حوالدار ذاکر احمد، سپاہی عابد حسین نے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے جوانوں نے بہادری سے لڑ کر شہادت کو گلے لگایا۔