حکومت نے ستمبر میں انتخابات کروانے کی تجویز دے دی،ذرائع
09:32 PM, 28 Apr, 2023
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف اور حکومتی مذاکراتی ٹیموں کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دورکی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے ستمبر میں انتخابات کروانے کی تجویز دے دی، پی ٹی آئی وفد حکومتی تجویز عمران خان کے سامنے رکھے گی۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نےجولائی میں انتخابات کا مطالبہ کیا، حکومت نے جون میں بجٹ پیش کرنے کی حکومتی مجبوری ظاہر کردی۔ حکومتی مذاکراتی ٹیم نے پی ٹی آئی کو جواب دیا ہے کہ بجٹ سے پہلے اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ نہیں دے سکتے، تحریک انصاف فوری اسمبلی تحلیل کرنے کے تاریخ کے مطالبے میں لچک دکھائے، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کی صورتحال میں نگران حکومت بجٹ پیش نہیں کر سکتی۔ ذرائع کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان قبل از وقت بجٹ پیش کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں فریقین نے سیاسی قیادت سے مشاورت کے بعد منگل کو بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ منگل کو ہونے والا مذاکراتی دور حتمی ہونے کا امکان ہے۔