ویب ڈیسک:محکمہ موسمیات نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج اور کل بارش کی پیش گوئی کردی جبکہ وادی نیلم آزاد کشمیر میں برفباری اور موسلادھار بارشوں کا سلسہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا موسم خوشگوار، ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے، شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 22 زیادہ سے زیادہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 25ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ،آج دن بھر سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی کا کھیل جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اعداد و شمار کے مطابق ہوا کی رفتار 8کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی اور ہوا میں نمی کا تناسب 65فیصد تک جا پہنچا، پنجاب سمیت بیشتر اضلاع میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے، بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کی جانب سے الرٹ جاری کر دیا گیا۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ کسان گندم کی فصل کی کٹائی موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں، موسم کی نئی صورتحال سے بھی صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کردیا گیا۔
برفباری اور موسلادھار بارشوں کا سلسہ جاری
دریں اثنا وادی نیلم آزاد کشمیر میں برفباری اور موسلادھار بارشوں کا سلسہ جاری ہے ،لوات بالا،سرگن،کیل،اور گریس ویلی میں گزشتہ رات سے بارش کے ساتھ ساتھ برفباری ہورہی ہے جبکہ شاہراہ نیلم پرمتعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے بجلی اور مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔
لینڈسلائیڈنگ
محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ لینڈ سلائیڈنگ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، بارش سے وادی نیلم کے ندی نالوں کے پانی کے بہاؤ میں مسلسل اور درجہ حرارت منفی پانچ پر پہنچنے سے سردی میں اضافہ ہوا ہے۔