پبلک نیوز ہیڈلائنز، سہ پہر 3 بجے، 28 اگست 2021
10:19 AM, 28 Aug, 2021
وفاقی وزیراطلاعات فوادچودھری کے اپوزیشن پر وار، کہا پی ڈی ایم کے جلسے کے بعد مولانا فضل الرحمن بیمار ہوجائیں گے، شہباز شریف جلسوں میں شرکت کی بجائے یہ فیصلہ کریں کہ مسلم لیگ ن کا لیڈر کون ہے، کہا لندن میں شادیاں ضرور کریں لیکن ہمارے پیسے واپس کریں، 13 سال بعد اب سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت کا خاتمہ ہونے جارہا ہے، اگلی حکومت پی ٹی آئی کی ہوگی۔ قائدحزب اختلاف شہباز شریف کل کے پی ڈی ایم کے جلسے کی کامیابی کے لیے پُرامید، پیپلزپارٹی سے رابطے کرنے سے متعلق صحافی کے سوال پر کہا آپ جیسا کہیں گے کرلیں گے۔ کراچی کے علاقہ کورنگی مہران ٹاؤن میں آگ لگنے کی وجوہات جاننے کےلیے فیکٹری کا فارنزک کرانے کا فیصلہ، تفتیشی ذرائع کے مطابق فیکٹری میں مختلف کیمیکلز ملنے کےباعث آگ زیادہ پھیلی، تمام افراد کی اموات دم گھٹنے سے ہوئیں، سانحے میں سکیورٹی گارڈ کی غفلت بھی سامنے آگئی، فیکٹری سے چند قدم دور تھانے کی نفری بھی تاخیر سے پہنچی، مختلف محکموں کی غفلت سے ریسکیو آپریشن میں تاخیر ہوئی۔ لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے دست درازی کے کیس کی تحقیقات، زیرحراست 141 افراد کی شناخت پریڈ نہ ہوسکی، متاثرہ خاتون عائشہ اکرم طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے جیل نہ جاسکی، مجسٹریٹ واپس روانہ، گرفتار ملزمان کے اہلخانہ کا جیل کے باہر احتجاج، زیرحراست افراد کی رہائی کا مطالبہ۔ آئرش حکومت نے پاکستان سمیت 23 ممالک کو ریڈلسٹ سے نکال دیا، ان ممالک سے آنے والے مسافروں کو اب ہوٹل قرنطین نہیں کرنا ہوگا، ریڈلسٹ سے نکلنے والے ممالک میں روس، جنوبی افریقہ، بھارت اور ملائشیا بھی شامل۔