ارشد ندیم نے ورلڈ ایتھلیٹکس میں پاکستان کیلئے پہلا میڈل جیت لیا

12:21 PM, 28 Aug, 2023

احمد علی
ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے جیولین تھرو مقابلے میں پاکستان کے ارشد ندیم نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کرکے تاریخ رقم کردی۔ ارشد ندیم نے جیولین تھرو کے فائنل میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے سلور میڈل اپنے نام کیا، پاکستانی ایتھلیٹ نے اپنی بہترین تھرو میں جیولن کو 87.82 میٹر دور پھینکا۔ جیولین تھرو کے فائنل میں ہندوستان کے نیرج چوپڑا نے 88.17 میٹر تھرو کیا اور گولڈ میڈل حاصل کیا، جب کہ جمہوریہ چیک کے جیکب وڈلیچ 86.67 میٹر تھرو کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ ارشد ندیم کا آغاز اچھا نہیں تھا ، پہلی کوشش میں 74.80 میٹر تک ہی پہنچ سکے لیکن دوسری کوشش میں شاندار 82.81 میٹر تھرو کے ساتھ مقابلے میں واپس آئے، تیسری کوشش میں ارشد ندیم نے جیولن کو 87.82 میٹر دور پھینکا اور دوسری نمبر پر رہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستان کا پہلا تمغہ ہے جو ارشد ندیم نے حاصل کیا ہے۔ واضح رہے کہ ورلڈ ایٹھلیٹکس چیمپیئن شپ کے جیولن تھرو کے آخری مقابلے میں ارشد ندیم سمیت 12 ایٹھلیٹس نے حصہ لیا جن میں سے تین بھارت کے تھے۔
مزیدخبریں