ویب ڈیسک: (جوادملک) ٹیلی گرام کے سی ای او پال ڈروف کی گرفتاری ان کی 24 سالہ گرل فرینڈ کی مخبری پر ہوئی، پال ڈروف نے 2015 سے لے کر 2022 تک 50 مرتبہ روس کا سفر کیا ۔
رپورٹ کے مطابق چارٹر فلائٹ پر دوران سفر ٹیلیگرام کے سی ای او پال ڈروف کے ساتھ ان کی 24 سالہ گرل فرینڈ تھی جس کی شناخت جولی واویلووا کے نام سے ہوئی تھی۔
کہا جاتا ہے کہ اسے بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
ایکس پر ایک فرانسیسی سیکیورٹی ایکسپرٹ Baptiste Robert کی جانب سے شئیر کردہ ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ جولی کےحمل کے ایشو پر جنوری میں اس کا پال ڈروف سے جھگڑا ہوا تھا۔
جولی نے فرانسیسی حکام کو اپنی انسٹاگرام پوسٹس کے ذریعے ڈوروف کے مقام سے آگاہ کیا۔
یہ بھی پہلی بار نہیں ہے کہ وہ اور ٹیلی گرام کے سی ای او نے ایک ساتھ سفر کیا۔ کہا جاتا ہے کہ دوروف اور جولی کی تصاویر اس سے قبل قازقستان، کرغزستان اور آذربائیجان کے مقامات پر بھی لی گئی تھیں۔
اسی طرح جولی نے ہی یہ معلومات فرانسیسی حکام کو دیں کہ بظاہر روس کے ساتھ کھچاؤ کے باوجود ہر اہم ایونٹ پر پال ڈروف نے 2015 سے لے کر 2021 تک 50 مرتبہ روس کا سفر کیا ۔
روسی جلاوطن پال دوروف شاذ و نادر ہی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہیں لیکن اکثر اپنے ٹیلی گرام چینل کے ذریعے ذاتی اپ ڈیٹس اور معلومات شیئر کرتے ہیں۔ اس چینل پر ان کے ایک کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں۔
پال دوروف 100 بچوں کے باپ
2019 میں دوروف نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے اپنی صلاحیت اور توجہ کو بہتر بنانے کے لیے کھانا ترک کر دیا ہے جب کہ ایک حالیہ پوسٹ نے انہوں نے چونکا دینے والا انکشاف کیا کہ ان کے 100 سے زیادہ بچے ہیں۔
دوروف نے 29 جولائی کو اپنے ٹیلی گرام چینل پر ایک پوسٹ میں لکھا: ’مجھے ابھی بتایا گیا تھا کہ میرے 100 سے زیادہ بائیولوجیکل بچے ہیں۔ 15 سال پہلے میرے ایک دوست نے ایک عجیب و غریب درخواست کے ساتھ مجھ سے رابطہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ فرٹیلیٹی مسائل کی وجہ سے بچے پیدا نہیں کر سکتے اور مجھے بچے کی پیدائش کے لیے ایک کلینک میں سپرم عطیہ کرنے کو کہا۔‘
ان کے بقول: ’کلینک کے سربراہ نے مجھے بتایا کہ اعلیٰ معیار کے سپرم کی فراہمی بہت کم ہے اور یہ میرا بطور ذمہ دار شہری فرض ہے کہ میں گمنام طور پر مزید جوڑوں کی مدد کے لیے مزید سپرم عطیہ کروں۔ 2024 تک میرے عطیہ کیے گئے سپرم سے 12 ممالک میں ایک سو جوڑے بچے پیدا کرنے کے قابل بنے۔
مزید یہ کہ کئی سال بعد بھی کم از کم ایک آئی وی ایف کلینک میں اب بھی میرے منجمد سپرم ایسے خاندانوں کے لیے دستیاب ہیں جو بچے پیدا کرنا چاہتے ہیں۔‘
دوروف نے مزید کہا کہ وہ اپنے ڈی این اے کو ’اوپن سورس‘ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ ان کے بیالوجیکل بچے ایک دوسرے کو آسانی سے تلاش کر سکیں۔
دوروف کی گرفتاری پر رازداری اور آزادی اظہار رائے کے حامیوں کی طرف سے شدید مذمت کی گئی ہے۔ این ایس اے کے وسل بلور ایڈورڈ سنوڈن نے اسے ’آزادی رائے اور تنظیم کے بنیادی انسانی حقوق پر حملہ‘ قرار دیا۔