طوبیٰ انور کا موبائل نمبر لیک، نفرت انگیز پیغامات موصول
06:46 AM, 28 Dec, 2022
پاکستانی اداکارہ طوبیٰ انور کا کہنا ہے کہ کسی نے ان کا موبائل نمبر لیک کر دیا ہے جس کے بعد سے انہیں غیر اخلاقی اور نفرت انگیز پیغامات موصول ہورہے ہیں ۔ اداکارہ نے انسٹاگرام پر اسٹوریز پوسٹ کیں ہیں اور یہ بتایا ہے کہ انہیں واٹس ایپ پر متعدد نمبرز سے غلط پیغامات بھیجے جارہے ہیں ، جس کی وجہ سے انہیں کافی پریشانی کا سامنا ہے ۔ انہوں نے لکھا کہ کسی نامعلوم شخص نے میرا نمبر لیک کردیا ہے ، جس کے بعد مجھے سیکڑوں کی تعداد میں فحش اور غیر اخلاقی پیغامات بھیجے جارہے ہیں، مجھے حیرانی ہے کہ کیسے لوگ ان سب فضول چیزوں کے لیے وقت اور توانائی ضائع کرتے ہیں . انہوں نے لکھا کہ مجھے ملنے والے پیغامات اس قدر غلیظ ہیں کہ میں انہیں یہاں شیئر بھی نہیں کرسکتی ہوں ، میں پچھلے کئی ماہ سے یہ سب برداشت کررہی ہوں، یہ حرکت دوسروں کر پریشان کرنے والی ہے۔ طوبیٰ انور نے خوفزدہ ہوتے ہوئے بتایا کہ 'مجھے ڈر ہے کہ کہیں کوئی میرا نمبر ٹریس کرکے میرے گھر تک ہی نہ پہنچ جائے اور مجھے کوئی نقصان نہ پہنچا دے، یہ سب حد سے زیادہ پریشان کن اور تکلیف دہ ہے۔ طوبیٰ انور نے نمبر لیک کرنے والے کے لیے کہا کہ جس کسی نے بھی بدلے، تفریح یا نفرت کی آگ میں آکر یہ حرکت کی ہے وہ یہ جان لے کہ یہ دوسروں کے لیے بہت زیادہ پریشانی کا باعث ہوسکتا ہے ، دوسروں کی ذاتی معلومات شیئر کرکے انہیں ہراساں کرنا بند کریں۔ خیال رہے کہ اداکارہ طوبیٰ انور نے شہرہ آفاق ٹی وی میزبان مرحوم عامر لیاقت حسین سے 2018 میں خفیہ شادی کی تھی اور اس شادی کا اعلان ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے 2020 میں کیا تھا ۔دونوں کے درمیان 2021 میں اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں، بعدازاں فروری 2022 میں طوبٰی انور نے عامر لیاقت سے خلع لینے کی تصدیق بھی کی تھی ۔