پی ٹی آئی نے بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا
10:47 AM, 28 Dec, 2022
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری داخلہ اور الیکشن کمیشن کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے،اس کے علاوہ چیف الیکشن کمشنر، ایم سی آئی اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کو بھی درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔ دوسری جانب جماعت اسلامی نے بھی الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ چیلنج کردیا ہے۔ گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئے تھے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 31 دسمبر کو اسلام آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ یونین کونسلزکی تعدادکا تعین وفاقی حکومت کا اختیار ہے، الیکشن کمیشن یونین کونسلز کی تعداد کے مطابق حلقہ بندی کا پابند ہے ۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی قانون میں پارلیمان نے ترامیم کر کےصدر کو بھجوا دی ہیں ، ترامیم کے مطابق میئرکا انتخاب براہ راست اور الیکشن کے دن ہی کیا جائے گا ۔ الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات واضح ہیں ، اس صورتحال میں انتخابی شیڈول جاری ہو نہیں سکتا تھا ، اس لیے الیکشن کمیشن اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات ملتوی کررہا ہے ۔