2 ماہ میں 906 گراں فروش اور ذخیرہ اندوز گرفتار 971 مقدمات درج

08:47 AM, 28 Feb, 2021

شازیہ بشیر

لاہور (پبلک نیوز) پنجاب میں گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ دو ماہ کے دوران 906 افراد کو گرفتار کر کے 971 مقدمات درج کئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر حسین جہانیاں گردیزی، چیف سیکرٹری پنجاب، صنعت، خوراک اور زراعت کے سیکرٹریز، سی ای او اربن یونٹ، کمشنر لاہور ڈویژن ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اجلاس میں اشیاء ضروریہ کے نرخوں اور دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت آٹے پر اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے، 20 کلو آٹے کا تھیلہ ہر جگہ 860 روپے میں دستیاب ہے۔ چینی اور گھی کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا جارہا ہے۔

چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اضلاع میں زرعی اجناس کی قیمتوں میں فرق کی وجہ منڈیوں کا فرسودہ نظام ہے۔ کمیشن ایجنٹس کی اجارہ داری کے خاتمہ کیلئے منڈیوں کے نظام کوجدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ مڈل مین کے کردار کو محدود کرنے کیلئےکسانوں کو صارفین تک براہ راست رسائی دی جائے گی۔ منڈی ایپ کی مدد سےاضلاع میں یکساں قیمتیں رائج کرنے میں مدد ملے گی۔

حسین جہانیاں گردیزی کا کہنا تھا کہ رمضان کی آمد کے پیش نظر اشیاء ضروریہ کی طلب، رسد سے متعلق پیشگی منصوبہ بندی کی جائے۔

مزیدخبریں