کراچی(پبلک نیوز) ایم کیو ایم ابھی تک کسی فیصلہ پر نہیں پہنچ سکی کہ سینٹ الیکشن میں پیپلز پارٹی کی حمایت کرنی ہے یا حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمود مولوی کے گھر کے ہونے والی سینٹ امیدواروں کی دعوت میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے شرکت نہ کرنے پر بہت سے سوال پیدا ہوگئے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے سینٹ الیکشن کیلئے یوسف رضا گیلانی کی حمایت مانگی لیکن تاحال ایم کیو ایم کسی نتیجہ پر نہ پہنچ سکی۔
متحدہ قومی موومنٹ کی طرف سے آج رابطہ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جس میں یہ فیصلہ کیا جائیگا کہ سینٹ الیکشن میں کس کی حمایت کرنی ہے۔پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر سعید غنی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مفاہمت کا سب سے زیادہ فائدہ ایم کیو ایم کو ہو سکتا ہے اور یہ فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے کیونکہ اس سے اہم نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔