شاہ سلمان کا تھائی لینڈ کو قرآن کے 50 ہزار نسخوں کا تحفہ
04:10 AM, 28 Feb, 2022
ریاض: ( پبلک نیوز) سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے تھائی لینڈ کو مختلف سائز اور تراجم کے ساتھ قرآن مجید کے 50 ہزار سے زائد نسخے تحفے میں دئیے جائیں گے۔ سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ بات اسلامی امور کے وزیر اور مدینہ منورہ میں قرآن پاک کی طباعت کے کنگ فہد کمپلیکس کے جنرل سپروائزر شیخ عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے میڈیا کو بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ کنگ فہد قرآن کمپلیکس میں تیار کئے گئے قرآن پاک کے یہ نسخے رمضان المبارک سے قبل تحفہ کے طور پر تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں سیاسی اور اسلامی شخصیات، علمائے کرام اور مبلغین کی موجودگی میں ہونے والی ایک تقریب میں پیش کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے قرآن پاک کا یہ عظیم تحفہ ایک اعلی پیغام کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے سے بھی ہم آہنگ ہے۔