یوکرین تنازع: ارطغرل غازی نے دنیا کو جنگ نہیں امن کا پیغام دیدیا

07:58 AM, 28 Feb, 2022

Rana Shahzad
استنبول: (ویب ڈیسک) ترکی کی مشہور ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار انگین التان نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع میں اپنا بیان جاری کر دیا ہے۔ انگین التان دوزیتان المعروف ارطغرل غازی کی جانب سے سوشل میڈیا کی ویڈیو اور فوٹوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری بیان میں انہوں نے دنیا کو امن کا پیغام دیا ہے۔ ترک اداکار انگین التان دوزیتان نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں لکھا کہ صرف ہمارے لئے نہیں بلکہ پوری دنیا کیلئے، لالچ نہیں سخاوت، نفرت نہیں ہمدردی، تباہی نہیں تخلیقی صلاحیت اور جنگ نہیں بلکہ امن۔ خیال رہے کہ یوکرین اور روس کے درمیان جاری کشیدگی پر دنیا بھر کے فنکاروں نے آوازیں بلند کرنا شروع کر دی ہیں۔ اس سے قبل ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ میں یوکرین کے شہریوں کی مدد کیلئے ہر ممکن کوشش کرنا چاہتی ہوں۔ ادھر یوکرین پر روسی فوج کے حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ پیر کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کے الگ الگ ہنگامی اجلاس ہو رہے ہیں۔ یوکرینی صدر کا کہنا ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹے ان کے ملک کے لیے انتہائی اہم ہوں گے۔ برطانوی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کے صدر وولودومیر زیلنسکی نے بورس جانسن سے ٹیلی فون پر بات کی اور انہیں بتایا کہ اگلے چوبیس گھنٹے یوکرائن کے لیے انتہائی اہم ہوں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جانسن نے زیلنسکی کو یقین دہانی کرائی کہ برطانیہ اور اس کے اتحادی اس بات کی ہر ممکن کوشش کریں گے کہ دفاعی امداد کسی بھی صورت میں یوکرائن پہنچ سکے۔ وولودومیر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ روسی جارحیت کے نتیجے میں کئی اہم شہروں میں جاری جنگ کے باوجود وہ صدر ولادیمیر پوٹن سے امن مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا، “گوکہ مجھے میٹنگ کے نتیجہ خیز ہونے کی توقع نہیں، تاہم ہم کوشش کرتے ہیں۔” دونوں ملکوں کے مندوبین پیر کے روز کسی شرط کے بغیر یوکرائن۔ بیلاروس کی سرحد پر ملاقات کریں گے۔ اس سے قبل زیلنسکی نے یہ کہتے ہوئے بات چیت سے انکار کردیا تھا کہ روس نے ان کے ملک پر حملہ کیا ہے۔
مزیدخبریں