کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی سونا اور ڈالر مہنگا
02:25 PM, 28 Feb, 2022
پبلک نیوز: کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت 650 روپے بڑھ گئی۔ سندھ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق پیر کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 650 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد اس کی نئی قیمت ایک لاکھ 28 ہزار 600 روپے ہوگئی۔ دس گرام سونے کی قیمت 558 روپے اضافے سے ایک لاکھ 10 ہزار 254 روپے ہوگئی۔ انٹرنیشنل گولڈ مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران فی اونس سونے کی قیمت 15 ڈالر اضافے کے بعد 1905 ڈالر رہی۔ دوسری جانب رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں 36 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 177 روپے 11 پیسے سے بڑھ کر177 روپے 47 پیسے ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سے روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔