لاہور سے کولمبو جانیوالے طیارے میں چوہا، کروڑوں کا نقصان

11:32 AM, 28 Feb, 2024

 ویب ڈیسک :سری لنکا کی قومی ایئر لائن کے ایک طیارے میں پرواز کے دوران ایک چوہے کے نکل کر سامنے آنے سے طیارے میں بھگڈر مچ گئی اور اسے پکڑنے کے لیے دوڑ دھوپ شروع ہو گئی۔ چوہے کی وجہ سے طیارے کو تین روز تک گراؤند کرنا پڑا جس سے کمپنی کو بڑا مالی نقصان ہوا۔

طیارے میں چوہے کی موجودگی کا انکشاف اس وقت ہوا جب سری لنکن ایئرلائنز کی ایئربس اے۔ 330 لاہور سے روانہ ہوئی۔ جس کے بعد چوہے کی تلاش کے ساتھ ساتھ عملہ اس چھان بین میں بھی مصروف ہو گیا کہ چوہے نے کہیں کوئی تار نہ کاٹ ڈالی ہو یا کسی آلے کو نقصان نہ پہنچا دیا ہو۔

یہ ایک ایسی مخصوص نسل کا چوہا تھا جو گاڑیوں وغیرہ میں رہنا پسند کرتا ہے اور ان کے آلات اور برقی نظام کو نقصان پہنچانے کا باعث بنتا ہے۔ اس نسل کے چوہے سائز میں چھوٹے ہوتے ہیں اس لیے آسانی سے کہیں بھی چھپ جاتے ہیں۔

طیارے میں چوہے کی موجودگی خطرناک کیوں ؟

طیارے میں چوہے کی موجودگی اس لیے بھی تشویش کا باعث تھی کہ وہ تاریں کتر کر اور آلات کو نقصان پہنچا کر طیارے کو خطرے سے دوچار کر سکتا ہے۔

طیارے کے کولمبو میں اترنے تک چوہے کی تلاش جاری رہی، لیکن وہ نہ ملا اور طیارے کو چوہا ملنے تک کے لیے گراؤنڈ کر دیا گیا۔ اور اس کے نتیجے میں ائیر لائنز کو  بے انتہا  مشکلا ت کا سامنا  کرنا پڑا۔

چوہا کہاں گیا؟
ایئرلائن کے ایک عہدے دار نے کہا ہے کہ اب طیارے کی پروازیں دوبارہ شروع کر دی گئیں ہیں۔ لیکن اس چوہے کی وجہ سے اسے تین تک روز تک گراؤنڈ کرنے سے پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔

ایئر لائن کے عہدے دار نے، جس نے اپنا نام ظاہر کرنے سے معذرت کی، بتایا کہ چوہا ڈھونڈنے میں تین روز لگے اور وہ مرا ہوا ملا۔ اس کے بعد طیارے کو پرواز کرنے کی اجازت دے دی گئی۔

عہدے دار کا کہنا تھا کہ یہ یقینی بنائے بغیر کہ طیارے میں چوہا موجود نہیں ہے، اسے اڑنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی تھی۔

سری لنکن ایئر لائنز کی ایئربس ۔330 کے تین رو ز تک گراؤنڈ ہونے سے اس نقصان میں مزید اضافہ ہوا ہے جس کا سامنا ایئرلائن پہلے سے کر رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال مارچ تک اس کے نقصان کا تخمینہ ایک ارب 80 کروڑ ڈالر سے زیادہ تھا۔

 ایک ڈالر کے بدلے پوری ائیر لائن 
کمپنی کے مالی حالات اتنے خراب ہیں کہ اس کے پاس اپنے طیاروں کے انجنوں کو اور ہال کرانے کے لیے زرمبادلہ نہیں ہے۔ ایک مقررہ مدت میں انجن کی اورہالنگ کرانا انتہائی ضروری ہوتا ہے۔

سری لنکا کے وزیر ہوابازی نرمل سری پالا ڈی سلوا نے صحافیوں کو بتایا کہ چوہے کی خبر ان چند سرمایہ کاروں کو تشویش میں مبتلا کر سکتی ہے جو اس ایئرلائن میں دلچسپی دکھا رہے ہیں۔

سری لنکا میں یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتیں ایئرلائن کو بیچنے کی بڑی کوشش کر چکی ہیں۔ حتیٰ کہ ایک حکومت نے تو یہ پیش کش بھی کی تھی کہ سرمایہ کار صرف ایک ڈالر دے کر کمپنی کا انتظام سنبھال سکتے ہیں۔ لیکن اس آفر پر بھی کوئی سرمایہ کار اسے لینے پر راضی نہیں ہوا۔

مزیدخبریں