کم عمر گھریلو ملازمہ تشدد،قتل کیس:شریک ملزمہ کی ضمانت منظور

04:11 PM, 28 Feb, 2025

ویب ڈیسک: راولپنڈی کی عدالت نے کم عمر گھریلو ملازمہ اقرا پر تشدد اور قتل کیس میں تیسری شریک ملزمہ کی ضمانت منظور کرلی۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج محمد  طارق ایوب نےتیسری ملزمہ روبینہ نوید کی ضمانت منظور کی۔ عدالت نے کہا کہ شریک ملزمہ نے کم سن گھریلو ملازمہ کو پڑوسی ہونے کے ناطے صرف اسپتال پہنچایا۔ ملزمہ روبینہ کا گھریلو ملازمہ پر تشدد سے کوئی تعلق نہیں ہے۔عدالت نے ملزمہ روبینہ کو 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔

گھریلو ملازمہ اقرا پرتشدد اور قتل کیس کے مرکزی ملزمان راشد شفیق اور اس کی بیوی ثنا جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں ہیں۔ گزشتہ ماہ راولپنڈی میں تھانہ بنی کے علاقے اصغر مال اسکیم کے ایک گھر میں مالکان نے 12 سالہ گھریلو ملازمہ اقرا کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ اقرا تشدد کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئی تھی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ زخمی اقرا کو اسپتال منتقل کرنے والی خاتون بھی مبینہ طور پر ملزمان کی جانب سے پلانٹڈ کی گئی تھیں۔

مزیدخبریں