عمران خان کے الزامات سے میرے خاندان کیلئے خطرات بڑھ گئے،بلاول بھٹو

01:01 PM, 28 Jan, 2023

احمد علی
اسلام آباد: وزیر خارجہ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے میرے والد آصف زرداری پر جھوٹے الزامات لگائے ہیں ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے خطاب پر اپنے رد عمل میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کے بیان سے میرے خاندان کے لئے خطرات بڑھ گئے ہیں، ‏ہم اپنی تاریخ کو دیکھتے ہوئے ایسے بیانات کو سنجیدگی سے لیتے ہیں ۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ سابق وزیر اعظم ‏عمران خان کے حالیہ بیان کیخلاف عدالت جانے کا فیصلہ بھی کیا ہے ، ‏ماضی میں دہشتگرد تنظیموں کی جانب سے مجھے اور میری پارٹی کو دھمکیاں دی گئیں تھیں ۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کے حالیہ توہین آمیز اور خطرناک الزامات کے حوالے سے قانونی پہلوؤں کو بھی دیکھ رہے ہیں ، چیئرمین پی ٹی آئی ان الزامات سے قبل میرے والد کو بندوق کی نوک پر رکھنے کی دھمکی بھی دے چکا ہے، عمران خان اور اس کے حواریوں کی دہشتگردوں کی سہولت کاری اور ہمدردی کے حوالے سے دستاویزات تاریخ کا حصہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جب حکومت میں تھا تو دہشتگردوں کو رہا اور جمہوریت پسندوں کو گرفتار کیا تھا ، اس نے خیبرپختونخوا کو دہشتگرد تنظیموں کے حوالے کیا، آج تک اس کی پارٹی دہشت گرد گروہوں کی فنڈنگ کرتی ہے، اگر مجھ پر، میرے والد یا پارٹی پر کوئی بھی حملہ ہوا تو اس سب کا بھی حساب لیا جائے گا ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان کو سمجھنا چاہئیے کہ ہر مرتبہ اس کی بیوی کو خواب آنے پر وہ ٹی وی پر آکر لوگوں سے متعلق الزامات عائد نہیں کر سکتا ہے ، ان کی اہلیہ کے خواب عدالتوں میں ثابت نہیں کئے جا سکتے، عمران خان کا الزام ہے کہ میرے خاندان کا کسی دہشت گرد تنظیم سے کوئی ناطہ ہے یا ہم کسی کو بھرتی کر کے نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ عمران خان کا الزام نہ صرف غیر منطقی ہے پاکستان پیپلزپارٹی عمران خان کو چیلنج کرے گی، ہم پاپولر فکشن کو اپنے بیانئے پر حاوی نہیں ہونے دیں گے ، جو ہماری سیاست کو زہر آلود اور جمہوریت کو تاراج کرے، ہم دہشت گردوں اور ان کے سیاسی فرنٹ مین کے پروپیگنڈے کا چارہ بننا بھی برداشت نہیں کریں گے ۔
مزیدخبریں