شیخوپورہ میں 4 افراد کے قتل کی لرزہ خیز واردات

04:52 PM, 28 Jan, 2024

(ویب ڈیسک)معاشرے میں بڑھتے جرائم نے خواتین، بچوں اور مردوں کا جینا محال بنادیا ہے، چوری، ڈکیتی، قتل، زیادتی جیسے واقعات کی خبریں آئے روز سننے اور دیکھنے کو ملتی ہیں، پنجاب کے شہرضلع شیخوپورہ کے علاقہ میں 4 افراد کے قتل کی ہولناک واردات پیش آئی۔

تفصیلات کےمطابق پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کے علاقے جھبراں منڈی میں واقع ڈیرے پر نامعلوم افراد نے تیز دھار آلے سے حملہ کر کے 4 افراد کو قتل کر دیا،ملزمان نے اُس وقت حملہ کیا جب وہاں موجود تمام افراد سو رہے تھے۔

پولیس کے مطابق قتل ہونے والوں میں 80 سالہ بزرگ، 8 سالہ بچہ اور 2 خواتین شامل ہیں، جاں بحق ہونے والے افراد فیصل آباد سے مزدوری کیلئے شیخوپورہ آئے تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

واضح رہے کہ چوری، ڈکیتی، قتل اور زیادتی جیسی وارداتوں کا پیش آنا معمول بن گیا ہے، معمولی سی بات پر تلخ کلامی اور پھر بات مرنے مارنے تک پہنچ جاتی ہے، سوشل میڈیا پر جرائم کی ایسی ایسی ویڈیوز دیکھنے کو ملتی ہیں جن کو تصور نہیں کیا جاسکتا، کبھی کبھار جرائم پیشہ عناصر کو لینے کے دینے بھی پڑ جاتے ہیں۔

مزیدخبریں