اسلام آباد میں بادل پھٹنے سے سیلاب، ماں بیٹا جاں بحق

07:57 AM, 28 Jul, 2021

اویس
اسلام آباد ( پبلک نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بادل پھٹ پڑا ، مختلف علاقوں میں سیلاب ، رات گئے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا ، کچھ علاقوں میں 330 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، گھروں میں پانی داخل ہونے سے خاتون اور اس کا بیٹا جاں بحق تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ایک فٹ کا بادل پھٹنے سے کچھ علاقوں میں 330 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، سیکٹر ای الیون جو نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں پر مشتمل سیکٹر ہےوہاں پر کئی گھروں میں پانی گھس گیا اور اسلام آباد کے متعدد علاقوں میں سیلاب آگیا، سیکٹر ای الیون میں سوسائٹی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوئی،سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کئی گھنٹے تک سوسائٹی انتظامیہ اور حکومت کی طرف سے کوئی امداد نہ پہنچ سکی ۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر کے 95 فیصد علاقے کی سڑکوں کو بارشی پانی سے کلیئر کر دیا گیا ہے، سی ڈی اے انتظامیہ نے سیکٹر ای الیون میں سیلابی پانی کو ہنگامی بنیادوں پر نکالنے کے لئے کام شروع کر دیا ، سیکٹر ای الیون اور ڈی 12 میں سیلابی ریلے میں کئی گاڑیاں بہہ گئیں ، راول ڈیم میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے بعد الرٹ جاری کیا گیا ہے کہ پانی کی سطح مزید ایک فٹ بھی بلند ہوئی تو سپل ویز کھول دئیے جائیں گے۔ سیکٹر ای الیون میں گھروں میں پانی داخل ہو گیا ، ایک خاتون اپنے بیٹے سمیت انتقال کرگئیں، متاثرہ خاندان نے الزام لگایا کہ صبح سوا چھ بجے گھر میں پانی داخل ہوا اور ساڑھے آٹھ بجے تک وہ پانی نکالتے رہے جبکہ دس بجے کے بعد سی ڈی اے انتظامیہ مدد کو پہنچی۔
مزیدخبریں