آخر بادل پھٹنا یا کلاؤڈ برسٹ کیا ہوتا ہے ؟
10:59 AM, 28 Jul, 2021
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) کلاؤڈ برسٹ یا بادل پھٹنے کا مطلب کسی مخصوص علاقے میں اچانک بہت کم وقت میں گرج چمک کے ساتھ بہت زیادہ اور موسلادھار بارش کا ہونا ہے جس کے باعث سیلابی صورت حال پیدا ہو جائے۔ اسلام آباد میں آنیوالے حالیہ سیلاب کے حوالے سے متضاد اطلاعات ہیں جن میں سے ایک یہ ہے کہ اس کی وجہ بادل پھٹنا بھی قرار دی جا رہی ہے،سائنسی توجیحات کے مطابق بادل پھٹنے کا واقعہ اس وقت پیش آتا ہے جب زمین یا فضا میں موجود بادلوں کے نیچے سے گرم ہوا کی لہر اوپر کی جانب اٹھتی ہے اور بادل میں موجود بارش کے قطروں کو ساتھ لے جاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس وجہ سے عام طریقے سے بارش نہیں ہوتی اور نتیجے میں بادلوں میں بخارات کے پانی بننے کا عمل بہت تیز ہو جاتا ہے کیونکہ بارش کے نئے قطرے بنتے ہیں اور پرانے قطرے اپ ڈرافٹ کی وجہ سے واپس بادلوں میں دھکیل دیے جاتے ہیں، جس کا نتیجہ طوفانی بارش کی شکل میں نکلتا ہے کیونکہ بادل اتنے پانی کا بوجھ برداشت نہیں کرپاتے۔