ویب ڈیسک: جماعت اسلامی کا مہنگائی کیخلاف راولپنڈی لیاقت باغ میں دھرنا تیسرے روز میں داخل ہوگیا ہے، جبکہ مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مہنگی بجلی کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے راولپنڈی کے لیاقت باغ میں دھرنا دیا جا رہا ہے۔شرکاء نے رات لیاقت باغ کے باہر گزاری، نماز فجر کے بعد کارکن صفائی میں مصروف ہوگئے ہیں۔جبکہ بارش کے باعث شرکا لیاقت باغ پہنچ گئے تھے، رات گئے عطا تارڑ اور طارق فضل نے حافظ نعیم اور لیاقت بلوچ سے ملاقات کی ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ جماعت اسلامی کے امیر کو مذاکرات کی دعوت دینے آئے تھے، جماعت اسلامی نے لیاقت بلوچ کی سربراہی میں 4 رکنی مذاکراتی ٹیم تشکیل دی ہے۔انھوں نے کہا کہ مذاکرات میں بات چیت کا شیڈول طے ہوگا اور بیٹھ کر مسئلہ حل کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کی حافظ نعیم الرحمان سے خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی، حکومتی وفد نے امیر جماعت اسلامی سے مذاکرات کی درخواست کی، جس پر حافظ نعیم نے مذاکرات کی پیشکش قبول کرلی۔
جماعت اسلامی کی 4 رکنی مذاکراتی کمیٹی میں نائب امیر لیاقت بلوچ ، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم ، سید فراست شاہ اور نصراللہ رندھاوا شامل ہیں۔تاہم فریقین کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں، جبکہ جماعت اسلامی کا دھرنا فوری ختم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ لیاقت بلوچ کی سربراہی میں مذاکراتی ٹیم تشکیل پاچکی ہے، جو کہ باضابطہ طور پر آج بات چیت آج کرے گی۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکمران مذاکرات کو طول نہ دیں۔ ٹال مٹول سے کام لیا تو اسلام آباد کا رخ کریں گے ۔ آج مری روڈ پر تاریخی جلسہ ہوگا۔ ہوسکتا ہے جلسے کے بعد ہی مارچ شروع کردیں۔