والد کی موت پر رویا نہیں، اداکار رنبیر کپور نے اہم انکشاف کردیا

01:09 PM, 28 Jul, 2024

ویب ڈیسک: بالی ووڈ کے معروف اداکار رنبیر کپور نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے والد اور آنجہانی اداکار رشی کپور کی موت پر نہیں روئے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رنبیر کپور نے ایک حالیہ پوڈ کاسٹ میں اپنے والد رشی کپور کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں گفتگو کی اور اپنی زندگی کی سب سے بڑی خواہش بھی بتائی،میرا اپنے   والد کے ساتھ عزت اور احترام کا رشتہ تھا، میں اُن کے اتنا قریب نہیں تھا اور نہ ہی اُن سے زیادہ بات چیت کرتا تھا جبکہ اپنی ہر بات والدہ سے کرتا تھا کیونکہ والدہ کے ساتھ بچپن سے ہی گہرا تعلق ہے۔

 اداکار نے کہا کہ مجھے اس بات پر ہمیشہ افسوس رہے گا کہ میں نے والد کے ساتھ زیادہ وقت نہیں گزارا، ہمیشہ اُن سے دور دور رہا لیکن جب اُنہیں موت سے ایک سال قبل کینسر کی تشخیص ہوئی تو ہم نے کینسر کے علاج کے دوران ایک ساتھ وقت گزارا جو مجھے ہمیشہ یاد رہے گا۔

مجھے یاد ہے کہ ایک دن میرے والد میرے کمرے میں آئے اور رونے لگے، میرے لیے اُن کا رونا بہت عجیب تھا کیونکہ مجھے سمجھ نہیں آرہا تھا کہ میں اُنہیں کیسے گلے لگاؤں یا اُنہیں کیسے چُپ کرواؤں، اُس وقت مجھے ہم دونوں کے درمیان گہرے فاصلے کا احساس ہوا تھا۔

رنبیر کپور نے رشی کپور کی موت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میں نے چھوٹی عُمر میں ہی رونا چھوڑ دیا تھا، میں اپنے والد کی موت پر بھی نہیں رویا تھا، میں صدمے میں تھا لیکن میری آنکھوں سے آنسووں نہیں نکلے۔

واضح رہے کہ آنجہانی اداکار رشی کپور 30 اپریل 2020 کو 67 سال کی عمر میں کینسر جیسے موذی مرض کا شکار ہوکر چل بسے تھے۔

مزیدخبریں