’حکومت سے مذاکرات کے لیے دروازے کھلے ہیں‘
07:34 AM, 28 Jun, 2021
اسلام آباد (پبلک نیوز) مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان اور وزیر مملکت فرخ حبیب نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔ مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت پارلیمنٹ کو سپریم سمجھتےہوئے سب کام پارلیمنٹ میں کرے گی، حکومت سے مذاکرات کے لیے دروازے کھلے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں سےمتعلق جو بات کی گئی وہ غیرمناسب تھی، پارلیمان کی بالادستی ماننے سے 2 بار انکار کیا گیا، وزیراعظم اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے حامی ہیں، عدالت کہتی ہے اوورسیز پاکستانی ملک کاحصہ ہے، شہباز شریف چاہتے ہیں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف ہمیشہ پتلی گلی اختیار کرنا چاہتے ہیں، پاکستانی جس بھی خطےمیں ہو ووٹ اس کا حق ہے، بلوچستان اسمبلی میں بجٹ منظوری کےعمل کو روکنے کی کوشش کی گئی۔ بعدازں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ پوری قوم نے دیکھا کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں ان کو اپنی صفائی پیش کرنے کا پورا موقع دیا گیا، نواز شریف کو صاف اور شفاف ٹرائل کا پورا موقع دیا گیا، نواز شریف سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کریں، یہ عدالتی فیصلوں کو بھی نہیں مانتے، ان کو صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد سے کوئی دلچسپی نہیں۔ انہوں نے کہا شہباز شریف نے کہا تھا کہ میں گارنٹر ہوں، نواز شریف کو واپس لاؤں گا، شہباز شریف کے پاس کوئی اخلاقی جواز نہیں کہ وہ اپوزیشن لیڈر رہیں۔