عیدالاضحیٰ پر موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا

07:28 AM, 28 Jun, 2022

احمد علی
گرمی کے ستائے پاکستانیوں کیلئے خوشخبری ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جلد ہئ بارشوں کی پیشگوئی کر دی گئی ہے۔ مون سون بارشوں کا پہلا سپیل اسی ہفتے شروع ہونے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئندہ جمعے سے مون سون بارشوں کا پہلا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بالائی پنجاب، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، جنوب مشرقی بلوچستان اور سندھ میں جولائی کی 5 تاریخ تک گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا دوسرا سلسلہ جولائی کی 6 تاریخ سے 15 تک متوقع ہے، جس میں شدید بارشوں کے امکانات ہیں اور مزید برآں عیدالاضحیٰ پر بھی بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ملک کے شمالی حصے میں 30 جون سے بارشوں کا آغاز ہوگا اور مون سون سسٹم کے ساتھ بحیرہ عرب سے نم ہوائیں بھی ملک پر اثر انداز ہوں گی۔ چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق سندھ میں عمرکوٹ، تھرپارکر سمیت متعدد علاقوں میں یکم جولائی کی رات سے ہی بارش متوقع ہیں جبکہ 2 جولائی کی شام یا رات کراچی میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔ سردار سرفراز نے بتایا کہ یہ سسٹم ملک کے جنوبی حصے سندھ اور بلوچستان میں شدید بارشوں کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ اس دوران 3 سے 4 دن اور کچھ علاقوں میں 5 دن تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔ حالیہ موسمیاتی جائزے کے مطابق یہ آنے والا نیا سسٹم تیز بارشوں کا باعث بن سکتا ہے اور ساتھ ہی مون سون سپیل کے قریب آنے پر درپیش مسائل کے حوالے سے الرٹ بھی جاری کیے جا سکتے ہیں۔
مزیدخبریں