30 جون سے مون سون بارشوں کی پیشگوئی

11:23 AM, 28 Jun, 2022

احمد علی
محکمہ موسمیات نے 30 جون سے مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی. بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مرطوب ہوائیں کل سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، مرطوب ہوائیں رواں ہفتے کے آخر میں ملک کے جنوبی علاقوں میں زیادہ شدت اختیار کرنے کے بعد پھیل سکتی ہیں. محکمہ موسمیات کے مطابق 30 جون سے 04 جولائی کے دوران اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشوں کی پیشگوئی ہے جبکہ سوات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور،مردان، صوابی اور نوشہرہ میں بھی بادل برسیں گے. محکمہ موسمیات نے راولپنڈی، مری ، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ اور نارووال میں بارش کی پیشگوئی کر دی، جبکہ لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، اوکاڑہ، ساہیوال اور بہاولنگر میں آندھی /تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے. محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران چند مقا مات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے، 01 سے 05 جولائی کے دوران کراچی، حیدر آباد، ٹھٹہ، بدین اور دادو مٰں مون سون بارشیں شروع ہوں گی، ژوب، زیارت، بارکھان، لورالائی، کوہلو،کوئٹہ، قلات، خضدار، لسبیلہ ، نصیر آباد اور سبی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان میں بھی چند مقا مات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے. 2 سے 4 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی،لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آبادمیں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ 03 سے 05 جولائی کے دوران کراچی اورحیدرآباد میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ بھی موجود ہے. محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ماہی گیر 03 سے 05 جولائی کے دوران سمندر کی طلاطم خیزی کے باعث محتاط رہیں، موسلا دھار بارش کے باعث کشمیر، خضدار، لسبیلہ، نصیر آباد،آواران، بارکھان اور کوہلو کے مقامی ندی نالیوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ کشمیر،گلیات اور مری میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے. مون سون بارشوں کے باعث بڑ ھتے ہوئے درجہ حرارت میں کمی واقع ہو گی. بارش کا پانی چا ول کی کاشت کے لئے مفید ہو گا.
مزیدخبریں