اسحاق ڈارنے وطن واپسی کی تصدیق کردی

03:43 PM, 28 Jun, 2022

احمد علی
لاہور: ( پبلک نیوز) سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے وطن واپسی کی تصدیق کردی۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ اگلے ماہ پاکستان واپسی کی تیاری کر رہا ہوں، وطن واپسی پرسینیٹر کا حلف اٹھاؤں گا، اگلے چند روز میں علاج مکمل ہوجائے گا۔ سابق وزیر خرانہ کا کہنا تھا کہ اُن پر پاکستان میں ایک ہی کیس ہے، عمران خان کی جانب سے دائر کیا جانے والا مقدمہ جعلی ہے۔انہوں نے کہاکہ میرے خلاف جعلی کیس بنایا گیا اس کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔ اسحق ڈار نے انٹرویو میں کہا کہ یہ کیس میرے ٹیکس ریٹرن پر بنایا گیا، میں ایسا شخص ہوں جو ٹیکس ریٹرن جمع کرانے میں کبھی تاخیر نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے انٹرپول کے ذریعے مجھے پاکستان واپس لانے کیلئے رابطہ کیا تاہم جو دستاویزات انٹرپول کو دی گئیں ان میں کوئی جان نہیں تھی، اس لئے عالمی ادارے نے مجھے کلین چٹ دیدی۔ خیال رہے کہ 2017 میں اسحاق ڈار پرآمد ن سے زائد اثاثہ جات کیس میں فردجرم عائد کی گئی، اسحاق ڈار پہلے سعودی عرب اور وہاں سے علاج کے لیے برطانیہ چلے گئے ۔
مزیدخبریں