ویب ڈیسک :معروف کاروباری شخصیت علی شیخانی نے کے الیکٹرک خریدنے کا اعلان کردیا ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین کے مختلف تبصرے جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے ایک ویڈیو بیان میں کاروباری شخصیت علی شیخانی نے کہا کہ گزشتہ چار روز سے مجھے اور میری مارکیٹنگ ٹیم کو ٹیگ کیاجارہا ہے کہ کے الیکٹرک خرید لی جائے۔
ویڈیو بیان میں علی شیخانی نے کہا کہ میں نے ظفر بھائی سے کہا ہے کہ براہِ کرم یہ معلومات کریں کہ کے الیکٹرک بک چکی ہے یا بکنے والی ہے؟ اگر بکی نہیں ہے تو کے الیکٹرک کو خریدنے کا طریقہ کار کیا ہے؟
کے الیکٹرک خریدنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے علی شیخانی نے کہا کہ مجھے یہ جاننا ہے کہ ٹینڈر کہاں دیاجائے گا؟کون ذمہ دار لوگ ہیں؟ کسی کو رشوت دئیے بغیر ہم تیار ہیں کہ کے الیکٹرک خرید لی جائے۔
علی شیخانی نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے ساتھ ظلم نہ کیا جائے۔ چھوٹے سے گھر میں رہنے والے لوگوں کے پاس مل جل کر 40 ہزار روپے کی بھی تنخواہ نہیں ہوتی اور بجلی کا بل 1 لاکھ 20 ہزار روپے آجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں کراچی کے شہریوں کو اس عذاب سے نکالنے کی پوری کوشش کروں گا۔ اس کے ساتھ ساتھ کورنگی میں ایک 5ہزار کے فون کیلئے 2 گولیاں میرے بھائی کو مار دی گئیں۔ میں نے ان کے لواحقین کی ضروریات پوری کرنے کی ہدایت کی ہے۔