بارشیں ہی بارشیں،کب اورکہاں ہوں گی؟محکمہ موسمیات نےبتادیا

12:34 PM, 28 Jun, 2024

نتاشا رحمان

ویب ڈیسک:(نتاشارحمان) محکمہ موسمیات نے کراچی میں کل کے مقابلے میں آج زیادہ بارش کی پیش گوئی کردی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر لاہور میں گرمی کی شدت میں کمی،کم سے کم درجہ حرارت 30جبکہ زیادہ سے زیادہ 38سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد جبکہ ہوا 16کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ شہر لاہور میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔کشمیر ،شمال مشرقی پنجاب ، خطہ پوٹھوہار ،   اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا اور  جنوب مشرقی / زیر یں سندھ میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے جبکہ  گلگت بلتستان، شمال مشرقی/ جنوبی  بلوچستان ،  بالائی سندھ،جنوبی پنجاب اورجنوبی خیبر پختونخوا  میں چند مقامات پر   آندھی/ جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کراچی

محکمہ موسمیات نے آج کراچی سمیت ملک کے مختلف مقامات پر آندھی ، جھکڑ اور بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی سمیت سندھ، بلوچستان کے مختلف علاقوں جبکہ اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے بعض مقامات پر آندھی، جھکڑ اور بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ شہرقائد کے چند مقامات اور مضافات میں کل کے مقابلے آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی گجرات کےقریب بحیرہ عرب میں ہوا کاکم دباؤموجودہے، ہوا کے کم دباؤ کے باعث کراچی میں سمندری ہوائیں آج بھی بند ہیں۔

موسمیاتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ہوا کے کم دباؤ کے زیر اثر کراچی سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ اس دوران شہر کا درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔

کراچی میں گزشتہ روز بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی سے موسم بہتر ہو گیا جب کہ صبح سویرے مطلع ابر آلود رہا، گزشتہ روز کی بارش کے بعد کراچی میں ہوا کی رفتار 8 کلو میٹر اور درجہ حرارت 31ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ گزشتہ روز کی بارش کے بعد شہر قائد میں گرمی کی شدت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے لیکن حبس کی صورتحال برقرار ہے۔

مزید برآں گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 48ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جیکب آباد میں 47، دادو، موہن جو دڑو، تربت 46، لاڑکانہ 45، پشاور43، مظفر آباد42، کراچی، حیدر آباد41 ، اسلام آباد، ملتان 40، کوئٹہ، گلگت 38 اور لاہور میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج سے بارش کا امکان

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج سے بارش کا امکان ہے، اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے نوید سنادی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جو پیر کے روز تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ایبٹ آباد، بالاکوٹ، مانسہرہ، شانگلہ، بٹگرام، دیر، سوات، مالاکنڈ میں بارش کا امکان ہے جبکہ پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ، چترال، کوہستان، کوہاٹ، کرک، بنوں، ٹانک، وزیرستان، خیبر، باجوڑ اور کرم میں چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری ہے کہ ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

بنوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ، ڈی آئی خان میں 44 اور پشاور میں 43 ڈگری سیںٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔

بارشی پانی کے نکاس کیلئے سی بی ڈی پنجاب نے تیاریاں مکمل کرلیں

رواں سال مون سون بارشوں کی پیش نظر بارشی پانی کے نکاس کے لیے سی بی ڈی پنجاب نے تیاریاں مکمل کرلیں۔

رواں سال مون سون بارشوں کے پیش نظر بارشی پانی کے نکاس کے لیے سی بی ڈی پنجاب نے والٹن روڈ پر 15 کیوسک کے 2 عارضی سمپ پمپ نصب کر کے ان کا کامیاب ٹیسٹ رن کر لیا۔

سی بی ڈی کے مطابق بروقت بارشی پانی کی نکاس کا عمل مکمل کر کے والٹن روڈ کے رہائشیوں اور سفر کرنے والوں کے لیے آسانی ہوگی۔

سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کے عین مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے انتظامات کیے جا رہے ہیں، والٹن روڈ اپگریڈیشن منصوبے میں تعمیرات کی وجہ سے مون سون کے موسم میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کریں گے، اکتوبر میں والٹن روڈ کی مین کیریج وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔

مزیدخبریں