ینگ ڈاکٹرز نے سرکاری اسپتالوں میں ہڑتال ختم کردی

01:40 PM, 28 Jun, 2024

ویب ڈیسک: لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب جنرل کونسل نے ہڑتال ختم کردی۔ راولپنڈی کے الائیڈ اسپتالوں کی او پی ڈیز  کھول دی گئیں۔ جنرل کونسل کے بیشتر ڈاکٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کی حمایت کی تھی۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری کئے بغیر ہڑتال ختم کرنے کی ینگ ڈاکٹرز نے مخالفت کی تھی۔ تاہم اب خبر آئی ہے کہ لاہور میں میو ہسپتال میں آؤٹ ڈور مکمل طور پر فعال کردی گئی ہے۔ 

وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، چیف ایگزیکٹو آفیسر میو ہسپتال پروفیسر احسن نعمان اور ایم ایس میو ہسپتال پروفیسر فیصل مسعود نے آؤٹ ڈور کا دورہ کیا۔

پروفیسر محمود ایاز نے خود مریضوں کا چیک اپ کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تمام سپیشلٹیز کے ڈاکٹر اور کنسلٹنٹ مریضوں کے لئے آؤٹ ڈور میں موجود ہیں۔ 

پروفیسر فیصل مسعود نے کہا کہ میو ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو آوٹ ڈور، ان ڈور اور ایمرجنسی وارڈز میں ہر قسم کا علاج معالجہ مفت جاری ہے۔

قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ میں ساہیوال ہسپتال آتشزدگی واقع کی جوڈیشل تحقیقات کروانے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے پنجاب بھر میں ہڑتال ختم کر دی۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محمد شعیب نے عدالت میں بیان لکھوایا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کونسل نے پنجاب کے تمام اضلاع کے ہسپتالوں میں ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تمام ہسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کو ہڑتال ختم کرنے کا کہہ دیا ہے۔ 

عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ ہمارا اثاثہ ہیں، ہم عوام کی تمام چیزوں کے محافظ ہیں، آپ کے پاس عوام کی قیمتی  چیز جان ہے، آپ نے عوام کی جان کی حفاظت کرنی ہے، عدالت نے وکیل کے دلائل کے بغیر ہی نوے فیصد ریلیف دے دیا ہے، ریلیف صدر ینگ ڈاکٹرز ڈاکٹر محمد شعیب کی وجہ سے دیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے قائمقام چیف جسٹس نے ینگ ڈاکٹرز ایسوی ایشن کے صدر کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

مزیدخبریں