پرویز الٰہی کیلیے ترین گروپ کا بھی گرین سگنل

02:43 PM, 28 Mar, 2022

احمد علی

حکومت کی جانب سے پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کیے جانے کے فیصلے پر ترین گروپ نے بھی گرین سگنل دیدیا ہے۔

حکومت اور ق لیگ کے درمیان کامیاب مذاکرات اور عثمان بزدار سے استعفی لینے کے بعد ترین گروپ نے بھی پرویز الٰہی کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلیے موزوں امیدوار قرار دیدیا ہے۔اس حوالے سے ترین گروپ کے رہنما فیصل جوانہ کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلیے مناسب امیدوار ہیں اور ان کے ساتھ کام کیا جاسکتا ہے۔

فیصل جوانہ نے مزید کہا ہے کہ ترین گروپ کے ارکان پرویز الٰہی سے ملاقات کرچکے ہیں تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ جہانگیر ترین ہی کرینگے۔

واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے مسلم لیگ ق نے حکومت کو سپورٹ کرنے کا اعلان کر دیا. سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیٍغام میں ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف چوہدری پرویز الہی کو وزیراعلی کے کینیڈیٹ کے طور پر سپورٹ کریں گے۔ ق لیگ نے وزیراعظم کی عدم اعتماد میں حمایت کا اعلان کر دیا.

دوسری جانب معاون خصوصی وزیراعظم فرخ حبیب نے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ فرخ حبیب کے مطابق چوہدری پرویز الہیٰ کو وزارت اعلیٰ دینے کا فیصلہ آنے کےبعد عثمان بزدار نے بطور وزیراعلیٰ اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو پیش کردیا ہے۔

مزیدخبریں