مریم نواز بھی ‘’سٹیٹس کو’’ کی ڈگر پر: ایک ہی شہر میں کچھ فاصلے پر 3 دفاتر قائم

04:52 PM, 28 Mar, 2024

دانش منیر

ویب ڈیسک: (دانش منیر) صوبہ پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلی پنجاب کا ایک اور کارنامہ۔ ایک شہر میں چند گز کے فاصلے پر تین تین سرکاری دفاتر قائم کردیے۔ پرانا گرایا جائے اور نیا بنایا جائے۔ مریم نواز نے شاہی فرمان جاری کردیا۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز نے حکم دیا ہے کہ بزدار کےتزئین و آرائش والا دفتر گرا کر دوبارہ بنایا جائے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعلی مریم نواز کے حکم پر سول سیکرٹریٹ میں محکمہ داخلہ کی عمارت میں نئے سرکاری دفتر کی تعمیر بھی جاری ہے۔ فرنشڈ، لگژری، تیارشدہ عمارت کے کمروں کو ازسرنو تیار کیا جا رہا ہے۔ 

ہوم ڈیپارٹمنٹ میں تیار شدہ دفاتر پر خرچ شدہ فنڈز کو ضائع کرکے نئی تعمیر کی جاری رہی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے ہوم ڈیپارٹمنٹ کی عمارت میں 20 اپریل تک دفتر مکمل کرنے کا حکم بھی جاری کردیا۔ مریم نواز نے سول سیکرٹریٹ صدر دروازے کے ساتھ   قائم وزیر اعلی دفترکو بھی گرانے کا حکم دے دیا۔ 

مریم نواز نے چیف سیکرٹری پنجاب کو حکم دیا ہے کہ پہلے سے قائم وزیر اعلی آفس کو گرا کر نیا نقشہ بنایا جائے اور پھر تعمیر کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ وزیر اعلی آفس میں میری کوئی پرائیویسی قائم نہیں رہ رہی۔ مریم نواز قائم شدہ وزیر اعلی آفس میں تاحال صرف دو مرتبہ بیٹھی ہیں۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کےنئے لگژری آفس کے قیام سے محکمہ داخلہ افسران و ملازمین متاثر ہیں۔ محکمہ داخلہ کی عمارت کا بڑا حصہ وزیر اعلی پنجاب دفتر کے لیے مختص کرکے تعمیر جاری ہے۔ پبلک نیوز نے 13 مارچ کو مریم نواز کےنئے دفتر کے قیام سے متعلق اپنے ناظرین کو آگاہ کیا تھا۔

مزیدخبریں