’’ کسی کو ہٹانے یا لگانے سے معیشت بہتر نہیں ہوتی ‘‘

06:15 AM, 28 May, 2021

حسان عبداللہ

کراچی(پبلک نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے 16 فیصد عوام غربت کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیا کے حصول تک میں مشکلات کا شکار ہیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا آج پاکستان روٹی، کپڑا اور مکان مانگ رہا ہے اور عمران خان عوام سے یہ سب چھین رہے ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی ملک کی وہ واحد جماعت ہے جس کی معاشی پالیسیاں عوام دوست ہیں، مستقبل میں نوجوانوں کو اگر کوئی روزگار فراہم کر سکتا ہے تو وہ صرف پاکستان پیپلزپارٹی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا آج وقت نے پھر ثابت کر دیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی معاشی اور زرعی پالیسیاں ملک کے بہترین مفاد میں رہی ہیں، تین سالوں میں تیسرا مشیر خزانہ لے آئے، ایف بی آر کے چار اور بورڈ آف انوسٹمنٹ کے تین چیئرمین بدل دئیے مگر عمران خان معیشت میں سدھار نہ لاسکے، تین سالوں میں چوتھا سیکریٹری تجارت بھی بدل دیا مگر عمران خان عوام کی تقدیر بدلنے میں ناکام ہو گئے،

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم صاحب! ملکی معیشت کسی کو ہٹانے یا لگانے سے بہتر نہیں ہوتی بلکہ قائدانہ صلاحیتوں سے ملک آگے بڑھتا ہے، عمران خان کے ٹیم ورک کا یہ عالم ہے کہ معاشی ٹیم ایک دن فیصلہ کرتی ہے اور اگلے دن کابینہ اس فیصلے کو مسترد کردیتی ہے، تین سالہ اقتدار نے عمران خان کو بری طرح بے نقاب کردیا، عوام سمجھ چکے ہیں کہ ان کو تبدیلی کے نام پر دھوکا دینے کی کوشش کی گئی، 90 روز میں سب اچھا کردینے والے عمران خان آج 33 ماہ اور 11 دن گزرنے کے بعد بھی کچھ نہ کرسکے اور اگلے 813 دنوں میں بھی وہ کچھ نہیں کرسکیں گے، سائیکل والے وزیراعظم کے قصے سنا کر عمران خان نے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی اور ملک کا مستقبل داؤ پر لگا دیا۔

مزیدخبریں