پاکستان کو ایٹمی طاقت بنے 24 سال ہو گئے
04:57 AM, 28 May, 2022
آج یوم تکبیر قومی جوش و جذبہ کے ساتھ ایٹمی دھماکوں کی 24ویں سالگرہ کے طور پر قومی سطح پر منایا جا رہا ہے۔ حکومت نے رواں سال اس حوالہ سے 10 روزہ تقریبات منانے کا اعلان کیا ہے جس کا موضوع ’’نہ جھکے تھے نہ جھکیں گے‘‘ ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات نے یوم تکبیر کے حوالہ سے ایک قومی نغمہ بھی جاری کیا ہے جس کا مقصد یوم تکبیر کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ اس موقع پر قومی اور سیاسی قیادت کی جانب سے دن کی مناسبت سے خصوصی پیغامات بھی جاری کئے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں اخبارات نے خصوصی ضمیمے شائع کئے ہیں۔ پاکستان ٹیلی ویژن، ریڈیو پاکستان سمیت الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی نشریات پیش کی جائیں گی جن میں اس دن کی اہمیت کو نمایاں طور پر اجاگر کیا جائے گا۔ مختلف سرکاری وغیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے دن کی مناسبت سے مختلف تقاریب اور سیمینارز کا اہتمام کیا جائے گا۔ ہر سال 28 مئی کا دن پاکستان میں یوم تشکر اور یوم تکبیر کے طور پر منایا جاتا ہے۔ 28 مئی 1998 پاکستانی تاریخ کا وہ اہم ترین دن ہے جب وطن عزیز پانچ ایٹمی دھماکے کرکے دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بن گیا۔ اس وقت کے وزیراعظم محمد نواز شریف نے عالمی دبائو مسترد کرتے ہوئے وسیع تر ملکی مفاد میں ملکی دفاع مستحکم کرنے کیلئے ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ کیا۔ ایٹمی قوت بننے کے ساتھ ہی پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر اور بھارتی حکمرانوں کا اکھنڈ بھارت کا خواب ہمیشہ کیلئے چکنا چور ہو گیا۔ بلوچستان کے ضلع چاغی میں ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان نے اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی قوت بننے کا بھی اعزازحاصل کیا۔