وزیر اعظم کی زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر انڈونیشیا کے صدر سے تعزیت

04:59 PM, 28 Nov, 2022

احمد علی
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے مغربی جاوا میں زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر انڈونیشیا کے صدر سے تعزیت کی ہے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آج انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے انڈونیشیا کے مغربی جاوا کے علاقے میں گزشتہ ہفتے آنے والے زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنے انڈونیشین بھائیوں اور بہنوں کے غم کو محسوس کر سکتے ہیں جنہیں حال ہی میں زلزلے جیسی قدرتی آفت سے بے پناہ نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ پاکستان میں سیلاب کے متاثرین کے لیے انڈونیشیا کی حکومت کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد پر انڈونیشیا کے صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعظم نے انڈونیشیا میں جاری امدادی سرگرمیوں کے لیے پاکستان کی مدد کی پیشکش کی۔
مزیدخبریں