ہاتھ میں آئین کی کتاب، بھائی راہل کوسلام، پرینکا گاندھی نے حلف اٹھالیا

04:21 PM, 28 Nov, 2024

ویب ڈیسک : بھارتی ریاست کیرالہ کے وائناڈ پارلیمانی حلقہ پر ہوئے ضمنی انتخاب میں تاریخی فتح حاصل کرنے والی کانگریس جنرل سکریٹری سابق بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی کی پوتی اور وزیراعظم  راجیو گاندھی کی بیٹی، اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کی بہن پرینکا گاندھی نے لوک سبھا کی رکنیت کا حلف  اٹھا لیا۔ 

 ہاتھ میں بھارتی آئین کی کاپی پکڑے پرینکا گاندھی نے 12 بجے لوک سبھا میں حلف اٹھایا ، اسپیکر لوک سبھا  اوم برلانے ان سے حلف لیا،  پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر پرینکا گاندھی نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں۔ پرینکا اپنی والدہ سونیا گاندھی اور بھائی راہل گاندھی کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچی تھیں۔

پرینکا گاندھی لوک سبھا کے لیے منتخب ہونے والی نہرو خاندان کی 16ویں رکن ہیں۔ ملک کی پارلیمانی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا جب گاندھی خاندان کا کم از کم ایک رکن لوک سبھا نہ پہنچا ہو۔ ایسے مواقع بھی آئے ہیں جب گاندھی-نہرو خاندان سے تعلق رکھنے والے 5-5 ارکان ایک ساتھ لوک سبھا پہنچے۔ 

آج سے گاندھی خاندان کے تین لوگ پارلیمنٹ میں نظر آنے لگیں گے۔ راہل گاندھی رائے بریلی سے رکن پارلیمنٹ ہیں، پرینکا وایناڈ سے منتخب ہوئی ہیں جبکہ سونیا گاندھی راجیہ سبھا کی رکن ہیں۔

 یادرہے وائناڈ ضمنی انتخاب کا نتیجہ گزشتہ 23 نومبر کو برآمد ہوا۔ اس انتخاب میں پرینکا گاندھی کو تقریباً 4.11 لاکھ ووٹوں سے کامیابی ملی۔ انھوں نے 2024 کے لوک سبھا انتخاب میں راہل گاندھی کو ملی جیت سے بڑی جیت حاصل کی ہے۔ 52 سالہ پرینکا گاندھی نے سی پی آئی (ایم) کی قیادت والے ایل ڈی ایف امیدوار ستین موکیری کو شکست دی۔

مزیدخبریں