پنجاب کے 8 اضلاع میں رینجرز تعینات

04:30 PM, 28 Oct, 2021

شازیہ بشیر
لاہور ( پبلک نیوز) پنجاب کے 8 اضلاع میں رینجرز کے دستے 60 روز کے لیے تعینات کر دیئے گئے۔ رینجرز اور پولیس کو شرپسند افراد کے خلاف فائر اور متناسب طاقت کے استعمال کے اختیارات دیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے 8 اضلاع راولپنڈی، جہلم، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، لاہور، چکوال، گجرات اور فیصل آباد میں 60 روز کے لیے رینجرز کے دستے تعینات کر دیئے گئے۔ پاکستان رینجرز کی پنجاب میں تعیناتی کے معاملے پر پنجاب حکومت نے رولز آف انگیجمنٹ طے کر لیے ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب رینجرز کی صوبے میں تعیناتی کا مکمل ذمہ دار ہوگا۔ رینجرز اور پولیس کو کم سے کم اسلحہ استعمال کرنے اجازت ہوگی۔ حملے کی صورت میں مقامی کمانڈر اسلحہ استعمال کی اجازت دے سکتا ہے۔ رینجرز اور پولیس کو شر پسند عناصر، پُر تشدد ہجوم یا مظاہرین کی جانب سے حملے یا حملے کے خطرے کی صورت میں طاقت اور فائرنگ کے اختیارات ہوں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے کالعدم تنظیم سے عسکریت پسند تنظیم کی طرح نمٹنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پنجاب بھر میں دو ماہ کے لیے رینجرز بھی تعینات کر دی تھی۔
مزیدخبریں