وزارت خزانہ کی ملکی معیشت پر ماہانہ آؤٹ لک رپورٹ جاری

05:00 PM, 28 Oct, 2021

شازیہ بشیر
اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزارت خزانہ کی ملکی معیشت پر ماہانہ آؤٹ لک رپورٹ برائے ماہ اکتوبر جاری۔ ستمبر میں مہنگائی کی ماہانہ شرح 9فیصد ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق پچھلے سال کی نسبت افراط زر میں کمی دیکھنے میں آئی۔ 3 ماہ میں مہنگائی کی اوسط شرح 8.6فیصد ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال سے کم ہے۔ برآمدات، FBRمحصولات اور بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق پہلے تین ماہ میں ترسیلات زر 12.5 فیصد اضافے سے آٹھ ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ ترسیلات زر میں مسلسل ماہانہ دو ارب ڈالر کا اضافہ گزشتہ16 ماہ سے ہو رہا ہے جو کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔ ملکی برآمدات میں سالانہ 27.9 فیصد اضافہ ہوا۔ سب سے زیادہ تیزی ٹیکسٹائل مصنوعات میں ہویئ۔ گروتھ تقریباً 32-29 فیصدکے درمیان رہی. جبکہ کیمیکل اورفارماسویٹکل میں 61.9 فیصد اضافہ ہوا۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 3.4 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اضافے کی وجہ توانائی، فوڈ آئٹمزاور ویکسین کی درآمدات ہیں۔ زرعی اجناس کی پیداوار میں بھی اضافے کا رجحان دیکھا گیا۔ کاٹن۔چاول۔گنا اور مکئی کی فصلوں میں گزشتہ سال کی نسبت اضافہ ہوا۔ پورٹ فولیو سرمایہ کاری مثبت رجحان کے ساتھ 979.8ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔ مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری مثبت رجحان کے ساتھ 1.32ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ زرمبادلہ ذخائر ستمبر کے تیسرے ہفتے تک 24 ارب ڈالر ہوگئے۔ تین ماہ میں ٹیکس ریونیو 38.2 فیصد اضافے سے 1396ارب روپے رہا۔ ستمبر کے اوائل تک پی ایس ڈی پی کی مد میں 392.7ارب روپے منظورکئے گئے۔ دو ماہ میں زرعی قرضے 14.7فیصد اضافے سے 291.9ارب روپے کی سطح پررہے۔ تمام عشاریئے بڑھتی ہویئ اقتصادی سرگرمیوں کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔
مزیدخبریں